چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور معزز ججز کا شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)چیف جسٹس عدالتِ عالیہ بلوچستان، جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، اور عدالتِ عالیہ بلوچستان کے دیگر معزز ججز نے شہید سیشن جج، عبدالحکیم کاکڑ، کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔معزز ججز نے کہا کہ شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ ایک دیانت دار، باصلاحیت، فرض شناس اور نڈر جج تھے جنہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی، عدل و انصاف کی فراہمی اور عوام کی خدمت کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا نصب العین بنائے رکھا۔ ان کی شہادت نہ صرف بلوچستان جوڈیشری بلکہ پورے ملک کے نظامِ انصاف کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کی عدالتی، پیشہ ورانہ اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا اور انصاف کی بالادستی کے لیے ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔چیف جسٹس اور معزز ججز نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہید عبدالحکیم کاکڑ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

WhatsApp
Get Alert