پاکستان کے ججز تھوڑی سی تنخواہ کی خاطر سب کچھ کرگزرنے کو تیار ہیں، علیمہ خان

بٹگرام (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، عمران خان کے قانونی اور آئینی حقوق کا احترام یقینی بنایا جانا چاہئے، مستقبل پاکستان کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور انہیں ظلم و ناانصافی کے نظام کو قبول نہیں کرنا چاہیے، نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں اور اگر وہ انصاف، آئین اور جمہوری اقدار کے لیے کھڑے ہوں گے تو ملک میں مثبت تبدیلی ممکن ہو سکے گی۔
بٹگرام میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک خاص عدالت بٹھائی ہے جو صرف عمران خان کو قید میں رکھنا چاہتی ہے، پاکستان کے ججز چور نہیں بلکہ ظالم، منافق اور بک جانے والے ججز ہیں، چند مراعات اور تنخواہ کی خاطر انصاف کے تقاضوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد متاثر ہو رہا ہے، پاکستان عوام کا ملک ہے اور یہاں کسی بھی ظالم، فرعون یا یزیدی طرزِ حکمرانی کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک میں حقیقی انصاف کا نظام کب بحال کرنا ہے اور قانون کی بالادستی کو کیسے یقینی بنانا ہے۔
یہ پاکستان ہمارا عوام کا ہے اور اس پاکستان میں کسی ظالم، فرعون یا یزید کی جگہ نہیں ہے، یہ آپ کا ملک ہے اور آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام کب بحال کروانا ہے،
علیمہ خان کا بٹگرام میں خطاب pic.twitter.com/9sbBltQiIM
— Ahmad Hassan Bobak (@ahmad__bobak) July 26, 2026
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ثابت قدم رہ سکتے ہیں تو عوام کو بھی اپنے حقوق کے لیے پرامن انداز میں میدان میں آنا چاہیے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں اور ہر قسم کی پرامن سیاسی سرگرمی میں بھرپور حصہ لیں، عمران خان نے قوم کیلئے اپنے پیغام میں کہا ہے عوام کبھی بھی ظلم اور جبر کے نظام کو قبول نہ کریں کیونکہ اگر موجودہ حالات کو تسلیم کرلیا گیا تو آنے والی نسلیں بھی اسی نظام کی غلامی پر مجبور ہوں گی، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے عوامی بیداری ناگزیر ہے۔
🚨 پاکستان کے ججز چور نہیں بلکہ ظالم ، منافق اور بک جانے والے ججز ہیں، یہ ججز تھوڑی سی تنخواہ کی خاطر سب غلط کر گزرنے کو تیار ہیں،
علیمہ خان کا خطاب pic.twitter.com/69qV01YfHn
— Ahmad Hassan Bobak (@ahmad__bobak) July 26, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو آئین اور قانون کے تحت حاصل تمام حقوق دیئے جانے چاہییں، تاہم ان سے ملاقاتوں پر پابندی اور قیدِ تنہائی جیسے اقدامات سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات سنگین سوالات کو جنم دیتی ہیں، اگر حکومت قانون کی حکمرانی کی دعوے دار ہے تو اسے ہر قیدی کے قانونی اور آئینی حقوق کا احترام یقینی بنانا ہوگا، اب خاموش رہنے کا وقت گزر چکا ہے، اگر عمران خان قوم کی خاطر مشکلات برداشت کرسکتے ہیں تو کارکن بھی ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی سے حوصلہ ملا اور پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کی جدوجہد اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عمران خان کے نظریے کے لیے یہ سیاسی تحریک جاری رہے گی، روزانہ دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ جیل میں ڈال دیا جائے گا، ہم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں، زیادہ سے زیادہ قید یا موت دی جا سکتی ہے۔
