کویت نے پاکستان کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کویتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت نے باضابطہ منظوری کو آج سرکاری گزٹ میں شائع کردیا۔ منظوری حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت سرکاری گزٹ کویت الیوم میں شائع ہوا۔
معاہدے کے متن کے مطابق حکم نامہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پانے والے معاہدے کی منظوری دیتا ہے۔ تعاون کا مقصد دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
متن میں تحریر کیا گیا کہ دونوں ممالک کے قوانین اور ضوابط اور ان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق فوجی تربیت، تعلیم اور مسلح افواج میں تعاون کیلئے فریم ورک قائم کرنا ہے۔ باہمی اتفاق سے فوجی تربیت اور تعلیم، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں کے تبادلے کا احاطہ شامل ہے جبکہ تکنیکی ماہرین، سائنسی و تکنیکی تعاون، ملٹری انٹیلی جنس اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
اس میں یہ بھی تحریر کیا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے دونوں ممالک ایگزیکٹو پروٹوکول اور پروگرام کے ذریعے سالانہ منصوبے تیار کریں گے۔ معاہدہ مختلف سطحوں پر سرکاری دوروں کے تبادلے کے ذریعے تعاون بڑھانے کا بھی بندوبست کرتا ہے۔
معاہدے کے متن کے مطابق معاہدے پر عملدرآمد اور رابطہ کاری اور نگرانی کیلئے مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی، دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی مقرر کردہ کمیٹی سال میں ایک بار اجلاس منعقد کریں گے۔ دونوں فریقوں کے درمیان تبادلہ شدہ خفیہ معلومات کے تحفظ کی دفعات شامل ہیں۔
اس میں کہا گیا کہ کلاسیفائیڈ دستاویزات، معلومات اور مواد دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق سے شیئر نہیں کی جا سکتی۔ دونوں ممالک تبادلے کی معلومات کی رازداری کو برقرار رکھنے کا عہد بھی کرتے ہیں۔ معاہدے کے ختم ہونے کے بعد بھی یہ ذمہ داری جاری رہتی ہے، مالیاتی انتظامات کے تحت معاہدہ باہمی تعاون کے اصول پر مبنی ہے۔
معاہدے کے مطابق سرکاری دوروں پر آئے وفود کا اندرونی سرکاری سفر، رہائش اور ہنگامی طبی علاج کے اخراجات میزبان ملک برداشت کرے گا، معاہدے کی دفعات دوسرے بین الاقوامی معاہدوں یا معاہدوں کے تحت کسی بھی ملک کے حقوق یا ذمہ داریوں کو متاثر نہیں کریں گی۔ معاہدے کی تشریح یا نفاذ سے پیدا کوئی بھی تنازع دونوں فریقوں کے درمیان مشاورت سے خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا، تنازع کسی تیسرے فریق یا ملکی یا بین الاقوامی عدالت سے رجوع نہیں کیا جائے گا۔
