ایئرانڈس کی 11 سال بعد واپسی، پاکستان میں دوبارہ پروازوں کا اعلان

کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت متعدد شہروں کیلئے اڑان بھرنے کی تیاری، جلد خلیجی ممالک تک فلائٹ آپریشن بڑھا دیا جائے گا


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ایئر انڈس نے تقریباً گیارہ سال بعد دوبارہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا، ایئر انڈس کا کہنا ہے کہ طویل منصوبہ بندی اور آپریشنل تیاریوں کے بعد کمپنی دوبارہ مسافروں کو عالمی معیار کی فضائی سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں واپس آ رہی ہے۔
ایئر انڈس کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اندرونِ ملک پروازیں بحال کی جائیں گی، بعد ازاں خلیجی ممالک کے لیے بین الاقوامی آپریشن کا آغاز کیا جائے گا، اس سلسلے میں کمپنی کی اپنے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، اس مقصد کے لیے جدید نیرو باڈی جیٹ طیاروں کے ساتھ ساتھ ATR 72/600 ٹربو پروپ طیاروں پر مشتمل بیڑے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ملکی اور علاقائی روٹس پر مؤثر سروس فراہم کی جا سکے۔
بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈس نے یکم جولائی 2015ء کو اپنے فضائی آپریشن معطل کردیئے تھے، تاہم اب کمپنی ایک نئے آپریشنل منصوبے کے ساتھ دوبارہ فضائی سفر کی مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کر رہی ہے، فلائٹ آپریشن کا آغاز کراچی کو مرکزی ہب بنا کر کیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں کراچی اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ تین پروازیں جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان روزانہ دو پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے۔
اس کے علاوہ ایئر انڈس کراچی سے پشاور، سیالکوٹ، کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، ملتان اور اسکردو کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، منصوبے میں کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان بھی فضائی سروس شامل ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ وقت کی پابندی، پروازوں کی حفاظت اور مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اس کی اولین ترجیحات ہوں گی، ملکی آپریشن مستحکم ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں خلیجی ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ ایئرانڈس کے مجوزہ روٹس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے دبئی، ابوظہبی، ریاض، جدہ، دمام، دوحہ، کویت سٹی اور مسقط شامل ہیں، تاہم ان تمام بین الاقوامی روٹس کا آغاز متعلقہ سول ایوی ایشن حکام کی منظوری سے مشروط ہوگا، جدید نیر و باڈی جیٹ طیارے ملکی اور مشرقِ وسطیٰ کے روٹس پر استعمال کیے جائیں گے، بعد ازاں ATR 72/600 طیاروں کو بھی بیڑے میں شامل کیا جائے گا تاکہ ملک کے چھوٹے شہروں اور شمالی علاقوں کے درمیان فضائی رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert