آزاد کشمیر انتخابات شفاف ہوئے تو جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی ، ندیم افضل چن
حکومت کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے گورننس، شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے

لاہور (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف ہوئے تو جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔
سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ آج آزاد جموں کشمیر میں انتخابات کا اہم دن ہے ، صبح سے ہی انتجابی عمل میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے ، ہمارا ایک ورکر شہید ہو گیا ہے جبکہ تین زخمی ہیں ، سکیورٹی فورسز سے مطالبہ ہے کہ الیکشن کو خراب کرنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گراؤنڈ پر دیکھا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کو کوئی ووٹ دینے کو تیار نہیں ، انتظامیہ استعمال نہ ہوئی تو نتائج آپ دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بارشوں کے بعد بری گورننس کی وجہ بڑا بحران پیدا ہوا ہے ، لاہور میں کوئی اتنی زیادہ بارش نہیں ہوئی لیکن لوگوں کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ بیڈ گورننس کی وجہ سے آدھا پنجاب ڈوب گیا ، لاہور سمندر بن گیا۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے جا رہی ہے ،کسانوں سے کوئی گندم خریدنے والا نہیں۔ گندم درآمد کے معاملے میں شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور عوام کو بتایا جائے کہ درآمد کرنے والی کمپنیوں کے پیچھے کون ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل، مہنگائی اور روزگار کے حوالے سے جواب دہ ہے۔ ان کے بقول حکومت ایک طرف کاروبار نہ کرنے کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری طرف نجی کمپنیوں کے ذریعے معاملات چلائے جا رہے ہیں، اس لیے قومی اداروں اور اثاثوں سے متعلق فیصلوں میں مکمل شفافیت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے گورننس، شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آٹے اور گندم کی فراہمی کے مسائل فوری حل کیے جائیں، جبکہ گندم کی ترسیل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور رشوت کے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ سندھ کے پانی پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے ،ہم کہتے ہیں کہ 1991 کے معاہدے کے تحت ہر صوبے کے لیے جو پانی کی مقدار مختص ہے اسے دی جائے۔
سعید غنی نے کہا کہ مسئلہ یہاں بھارت کا بھی ہے ، اگر سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا بھارت نے ہمارا پانی روکا تو ہر صوبہ متاثر ہو گا۔