جھل مگسی: اغوا کے دوران قید خاتون نے بچی کو جنم دے دیا، پولیس نے ماں اور بچی کو بازیاب کرا لیا


ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) باباکوٹ تمبو سے اغوا ہونے والی خاتون نے دورانِ اغوا بچی کو جنم دے دیا۔ پولیس نے ماں اور ننھی بچی کو بازیاب کروا لیا۔ ایک انتہائی دردناک اور چونکا دینے والے واقعے میں سی آئی اے نصیر آباد کے انچارج سید حیدر شاہ اور باباکوٹ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر شاہنواز مگسی نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جھل مگسی کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون بی بی زاہدہ زوجہ ندیم جوئیہ کو بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق بی بی زاہدہ کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ حاملہ تھیں۔ اغوا کاروں کی قید کے دوران انہوں نے ایک بچی کو جنم دیا جس کا نام بی بی علیزہ رکھا گیا۔ ماں اور نومولود کی بازیابی نے اس افسوسناک واقعے کو مزید دل خراش بنا دیا۔ تاہم، کارروائی کے دوران فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ 15 روز قبل 10 سے زائد مسلح افراد باباکوٹ تھانے کی حدود سے بی بی زاہدہ کو اغوا کر کے لے گئے تھے اور ان کے شوہر کو زخمی کر کے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert