وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا امیدوار نہیں، صدر زرداری سے ملاقات معمول کی تھی: نواب چنگیز مری

کراچی(قدرت روزنامہ)رکن بلوچستان اسمبلی نواب چنگیز مری نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کو معمول کی ذاتی ملاقات قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے منصب سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ اس عہدے کے امیدوار ہیں۔
نواب چنگیز مری کے قریبی ذرائع کے مطابق صدر زرداری سے ان کا دیرینہ ذاتی تعلق ہے اور ملاقات کا مقصد صرف روایتی سلام دعا تھا، اسے کسی سیاسی ایجنڈے سے جوڑنا درست نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواب چنگیز مری بعض طبی مسائل کا بھی سامنا کر رہے ہیں، اسی وجہ سے وزارت اعلیٰ کے منصب میں ان کی کوئی دلچسپی یا خواہش نہیں ہے اور یہ معاملہ کسی سطح پر زیر بحث بھی نہیں آیا۔
ذرائع نے کہا کہ ملاقات کو غلط رنگ دے کر پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں کی کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حوالے سے پارٹی قیادت کا مؤقف واضح ہے اور وہ اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے بلوچستان اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون پر زور دیا تھا۔
صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ اور صوبائی وزیر صادق عمرانی بھی بیان دے چکے ہیں کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کریں گے۔
