راولا کوٹ کی صورتحال پر سیاسی جماعتیں اور میڈیا شترمرغ کی طرح آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے


لاہور (قدرت روزنامہ)سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کا کہنا ہے کہ راولا کوٹ کی صورتحال پر سیاسی جماعتیں اور میڈیا شترمرغ کی طرح آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ راولا کوٹ کی صورت حا ل پر ایک مہیب خاموشی ہے۔ سیاسی جماعتیں اور میڈیا مُنہ چھپا کر شتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے۔

طاقت کا استعمال قطعی طور پر کسی صورت مناسب نہیں ہے۔ سیاست دان بعد میں لکیر پیٹنے سے بہتر ہے کہ ابھی میدان میں کودیں ورنہ دیر ہو جائے گی۔
دوسری جانب اے پی پی نیوز ایجنسی کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے غیر مسلح ہونے کے نام نہاد دعوے آشکار ہو گئے، راولاکوٹ میں گرفتار کارندے کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسند عناصر متعدد ہتھیاروں کے ساتھ واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں ، علاقے میں انتشار پھیلانے کیلئے کالعدم تنظیم کے مسلح شر پسند عناصر کشمیری عوام سمیت سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے میں ملوث ہیں ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے سپاہی علی عباس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندے زوہیب خالد کو گرفتار کرلیا۔کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کی جانب سے بد امنی پھیلانے کیلئے کارندوں کو جدید امریکی ساختہ ایم فور رائفلیں فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں گرفتار شرپسند کے قبضے سے بھی امریکی ساختہ رائفل برآمد کر لی گئی۔ گرفتار کارندے زوہیب خالد کا کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے رینجر / پولیس کے ایک جوان کو مارنے پر ایک کروڑ روپے انعامی رقم مختص ہے، گرفتار کارندے کے انکشافات اور ویڈیو شواہد نے کالعدم ایکشن کمیٹی کےغیر مسلح ہونے کے نام نہاد دعوؤں کا پول کھول دیا۔

WhatsApp
Get Alert