کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والو! ہوش کے ناخن لو، ملک میں وہ ماحول بنا دیا گیا جہاں جمہوریت اور انسانیت شرمسار ہے

لاہور (قدرت روزنامہ) عوام راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والو! ہوش کے ناخن لو، ملک میں وہ ماحول بنا دیا گیا جہاں جمہوریت اور انسانیت شرمسار ہے۔ ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں اقرار الحسن نے کہا کہ کشمیر جل رہا ہے، بدقسمتی سے ایک عجیب روایت چل پڑی ہے کہ احتجاج کرنے والوں پر گولیاں چلاء، میڈیا کا بلیک آؤٹ کروا دو۔
یہ ٹولہ ملک کو اس نہج پر لے آیا ہے جہاں الیکشن اور ووٹ کی کوئی اوقات نہیں،نہ معیشت کا کوئی حال ہے اور نہ غریب سے کوئی پوچھنے والا ہے۔ خدا کا خوف کریں، کشمیری پاکستان اور پاکستانیوں سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔احتجاج کو برداشت کرنے اور دوسروں کی آواز کو سننے کا حوصلہ پیدا کریں۔
کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والو !! ہوش کے ناخن لو۔ تم نے اس ملک میں وہ ماحول پیدا کر دیا ہے جہاں جمہوریت اور انسانیت شرمسار ہیں، ظلم اور جبر کی حکومت ہے اور مڈل کلاس اور غریب کا جینا عذاب ہو گیا ہے۔۔۔ لیکن یاد رکھنا فرعونوں کی حکومت بھی نہیں رہی، اور آپ نے بھی ہمیشہ نہیں رہنا۔ pic.twitter.com/clmpq6XqwX
— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) July 28, 2026
خدا کا واسطہ رحم کریں۔
دعا کرتے ہیں اللہ جابر حکمران ٹولے، اشرافیہ کو ہدایت عطا کرے۔ دوسری جانب سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ راولا کوٹ کی صورت حا ل پر ایک مہیب خاموشی ہے۔ سیاسی جماعتیں اور میڈیا مُنہ چھپا کر شتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے۔ طاقت کا استعمال قطعی طور پر کسی صورت مناسب نہیں ہے۔ سیاست دان بعد میں لکیر پیٹنے سے بہتر ہے کہ ابھی میدان میں کودیں ورنہ دیر ہو جائے گی۔
راولا کوٹ کی صورت حا ل پر ایک مہیب خاموشی ہے۔ سیاسی جماعتیں اور میڈیا مُنہ چھپا کر شتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کئے بیٹھا ہے، طاقت کا استعمال قطعی طور پر کسی صورت مناسب نہیں ہے۔ سیاست دان بعد میں لکیر پیٹنے سے بہتر ہے کہ ابھی میدان میں کودیں ورنہ دیر ہو جائے گی۔
— Asma Shirazi (@asmashirazi) July 28, 2026
دوسری جانب اے پی پی نیوز ایجنسی کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے غیر مسلح ہونے کے نام نہاد دعوے آشکار ہو گئے، راولاکوٹ میں گرفتار کارندے کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسند عناصر متعدد ہتھیاروں کے ساتھ واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں ، علاقے میں انتشار پھیلانے کیلئے کالعدم تنظیم کے مسلح شر پسند عناصر کشمیری عوام سمیت سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے میں ملوث ہیں ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے سپاہی علی عباس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندے زوہیب خالد کو گرفتار کرلیا۔کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کی جانب سے بد امنی پھیلانے کیلئے کارندوں کو جدید امریکی ساختہ ایم فور رائفلیں فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں گرفتار شرپسند کے قبضے سے بھی امریکی ساختہ رائفل برآمد کر لی گئی۔ گرفتار کارندے زوہیب خالد کا کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے رینجر / پولیس کے ایک جوان کو مارنے پر ایک کروڑ روپے انعامی رقم مختص ہے، گرفتار کارندے کے انکشافات اور ویڈیو شواہد نے کالعدم ایکشن کمیٹی کےغیر مسلح ہونے کے نام نہاد دعوؤں کا پول کھول دیا۔
