آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی، رانا ثنا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت بھی حاصل کر لی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ن لیگ 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ F

انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس میں سے ن لیگ نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی محض 3 نشستیں ہی حاصل کر سکی، ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستیں بھی اپنے نام کیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر ن لیگ کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر ہم شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تمام عوامی مسائل حل کرے گی اور نواز شریف نے عوام سے جو دعدے کیے ہیں وہ پورے کرے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنااللہ نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مظفر آباد میں ایک چوک پر ہنگامہ کروایا اور پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ بھی کی گئی۔

انکا کہنا تھا کہ ایک شخص کی ہلاکت سے شہر میں خوف وہراس پھیلایا گیا جس کے سبب ٹرن آؤٹ کم ہوگیا اور ن لیگ کو سٹی کی نشست سے ہاتھ دھونا پڑا۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ چودھری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کا ڈرامہ کیا گیا، مکے اور گالیوں کو قاتلانہ حملہ قرار دیا جبکہ میڈیکل کروانے سے بھی انکار کر دیا۔

WhatsApp
Get Alert