بلوچستان دہشتگردی کی لپیٹ میں، شاہراہوں پر گاڑیاں جلائی جا رہی ہیں: زمرک اچکزئی؛ اسما جتک کیس پر حکومت سے نوٹس کا مطالبہ
بلوچستان اسمبلی: سیف سٹیز اتھارٹی آرڈیننس نامنظور، نیا مسودہ قانون 2026 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ارکان نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے اور آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہونگے، جبکہ قومی شاہراہوں پر گاڑیاں جلائی جارہی ہیں۔ اس موقع پر میر زابد علی ریکی نے کہا کہ 2024 میں عاصمہ جتک کو اغوا کیا گیا، جس کے بعد پہلے انکے منگیتر اور گزشتہ دنوں انکے والد کو شہید کردیا گیا ہے، حکومت کو ان معاملات پر فوری نظر ثانی کرنی چاہیے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران قانون سازی کے حوالے سے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان سیف سٹیز اتھارٹی آرڈیننس 2026 کو آئین کے آرٹیکل 128 (2) (a) کے تحت نامنظور کرنے سے متعلق آئینی قرار داد ایوان میں پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ بعد ازاں، صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان سیف سٹیز اتھارٹی کا مسودہ قانون مصدرہ 2026 بھی پیش کیا، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
