ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ شام کے وقت ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج 20 سے 80 فیصد تک بارش کا امکان ہے اور وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں آج جزوی ابر آلود موسم رہے گا، جہاں دن بھر دھوپ اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم مرطوب رہے گا جبکہ شام کے وقت ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں بھی صبح اور شام کے اوقات میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم دن کے وقت موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا۔ دارالحکومت میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران یہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں احتیاط برتیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بچنے کے لیے موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔
