عوام گھروں میں محصور ہیں، ہر ضلع و علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، حکومتی رٹ ریڈ زون کے علاوہ کہیں بھی دکھائی نہیں دیتی ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی سینئر نائب صدر اور ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی نائب صدر وڑانگہ لونی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر صوبائی ایگزیکٹیوز نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کی نشاندہی پارٹی چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کر دی ہے اور یہ راہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیاسی، جمہوری نکات اور جدوجہد میں مضمر ہے۔ گزشتہ روز تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی کال پر عمران خان کی قید کے 3 سال مکمل ہونے پر جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع و علاقوں میں کامیاب احتجاجی ریلیوں و اجتماعات کے انعقاد پر پارٹی کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلط نام نہاد حکمرانوں کے ذریعے ملک کو جمہوری طرز پر چلانا اور آئین کی بالادستی و جمہور کی حکمرانی کو قائم رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے، سیاسی عدم استحکام سے ملکی بحرانوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑھتی کرپشن نے نہ صرف اداروں کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ شدید معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری، صنعتوں کی بندش، سرمایہ کاری نہ ہونے، عوام کی قوتِ خرید میں مسلسل کمی اور سب سے بڑھ کر سخت ترین بدامنی کی صورتحال نے عوام کو سخت اذیت سے دوچار کر دیا ہے۔ 8 فروری کے انتخابات میں زور و زر کی نیلامی کے ذریعے اسمبلیوں میں من پسند لوگوں کو پہنچایا گیا اور انہیں اقتدار سونپ کر پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی۔ آئین اور جمہوریت کو پامال کیا گیا، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ اور میڈیا کی آزادی چھین لی گئی، اور مائنز و منرل بلز کے تحت عوام کے وسائل، زمینوں، جنگلات اور معدنیات پر قبضے کی راہ ہموار کی گئی۔ ہمارے عوام ان مسلط حکمرانوں، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں اور نااہل افراد کو عوام پر مسلط کرنے والوں کا احتساب کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں، ہر ضلع و علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، حکومتی رٹ ریڈ زون کے علاوہ کہیں بھی دکھائی نہیں دیتی جبکہ عوام کی جان و مال مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہے۔ پشتونوں کی تجارت، روزگار اور کاروبار کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے ان کی کروڑوں روپے کی گاڑیوں، ٹرکوں، اور املاک کو جلانے، نقصانات پہنچانے اور خونِ ناحق بہانے سے بھی دریغ نہیں کیا جا رہا۔ ظلم و جبر اور اذیت کی اس صورتحال میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کا کوئٹہ اور پشاور میں پشتونخوا وطن کے عوام کا جرگہ بلانا خوش آئند ہے۔ کوئٹہ کا سہ روزہ جرگہ 30، 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوگا۔ یہ جرگہ پشتونخوا وطن کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا اور اجتماعی دانش کے ذریعے موجودہ اذیت ناک صورتحال سے عوام کو نجات دلانا ممکن ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert