جماعت اسلامی نے بھی نئے انتظامی یونٹس کی حمایت کر دی!

لاہور (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی نے بھی نئے انتظامی یونٹس کی حمایت کر دی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ آئین کے طریقہ کار کے مطابق نئے انتظامی یونٹس بنانا غلط نہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے ایک سال پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نظام چلانے میں ناکام ہوچکی، اب حکومت خود اپنی ناکامی کا اعتراف اور اظہار کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ آئین کے طریقہ کار کے مطابق نئے انتظامی یونٹس بنانا غلط نہیں ہے۔ پنجاب اسمبلی سے بہاولپور اور جنوبی پنجاب جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے ہزارہ صوبہ بنانے کی قراردادیں منظور ہو چکی ہیں۔ اسمبلیوں سے منظور ہونے والی ان قراردادوں پر اب تک عمل کیوں نہیں ہوا؟
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی آواز اس لیے اٹھتی ہے کیونکہ اختیارات نچلی سطح تک نہیں پہنچتے۔ بیورو کریسی اور صوبائی حکومتوں کے پاس اختیارات ہونے سے معاملات خراب ہوئے۔
حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں سب سے زیادہ آواز اٹھتی ہے صوبہ بننا چاہیے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ ملنے پر اٹھتی ہے۔ کراچی کے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق نہ ملنے سے مسائل جنم لیتے ہیں۔ جب کراچی کے لوگوں کو نوکریاں نہیں ملیں گی تو پھر لوگ یہی مطالبہ کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی موجودہ قیمت کسی طور قابل قبول نہیں۔ 16اگست کو چاروں صوبوں میں دھرنے ہوں گے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ میں میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔
