محمد حنیف کا ہائبرڈ سیاسی نظام پر طنزیہ تجزیہ، محسن نقوی کو نظام کا ’انجن‘ قرار دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تجزیہ کار محمد حنیف نے پاکستان کے موجودہ سیاسی نظام پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے اسے ’ہائبرڈ سیاسی نظام‘ قرار دیا اور کہا ہے کہ اس نظام میں اصل فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں، سیاستدان، بیوروکریسی، عدلیہ اور میڈیا سے وہی کام لیا جاتا ہے جو ماضی میں نوابوں کے منشی کیا کرتے تھے۔ بی بی سی پر اپنے تبصرے میں محمد حنیف نے کہا کہ جس طرح ہائبرڈ گاڑیاں پٹرول اور بجلی دونوں سے چلتی ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھی ہائبرڈ سیاسی نظام وجود میں آچکا ہے، اس نظام میں فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں جبکہ باقی ادارے اور سیاسی شخصیات ان فیصلوں پر عملدرآمد کا کام کرتی ہیں، اس ہائبرڈ نظام کے مرکز میں اگر کوئی ’انجن‘ ہے تو وہ وزیر داخلہ محسن نقوی ہیں، پولیس، جیلیں اور رینجرز ان کے ماتحت ہیں، ملک میں کرکٹ کے شوق کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتظام بھی انہی کے پاس ہے۔

تجزیہ کار نے محسن نقوی کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عام طور پر کم بولتے ہیں لیکن جب بولے تو یہ کہہ گئے کہ ’سسٹم کولیپس‘ ہوچکا ہے، محسن نقوی نے اپنی ہی سیاسی قیادت کو یہ پیغام بھی دیا کہ فوجی قیادت نے دنیا ان کی پلیٹ میں لا کر رکھ دی لیکن اس کے باوجود ان سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، پاکستان میں نئی قیادت کی بات کوئی نئی چیز نہیں، شریف خاندان اور بھٹو خاندان کی نئی نسلیں بھی سیاست میں آگے آچکی ہیں، تاہم محسن نقوی کی اپنی سیاسی پیشرفت نسبتاً زیادہ تیز رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے تک محسن نقوی کو بنیادی طور پر صحافتی حلقہ جانتا تھا، جس کے بعد وہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ بنے اور پھر وفاقی وزیر داخلہ کے منصب تک پہنچ گئے، اب ملک کے مستقبل کے فیصلے جہاں بھی بند کمرے میں ہوتے ہیں محسن نقوی وہاں موجود دکھائی دیتے ہیں، آج کا نظام خود یہ کہہ رہا ہے کہ وہ گر چکا ہے اور اب اس کا کچھ کیا جائے، عوام بھی مسلسل یہی کہہ رہی ہے کہ نظام ناکام ہوچکا ہے۔
تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اسی گرے ہوئے نظام کا ملبہ ہے اور عوام اس بات کو اس لیے محسوس کر رہی ہے کیونکہ اس نظام کا ملبہ انہی پر گرا ہے، اگر یہی ہائبرڈ نظام برقرار رہا تو سیاسی حالات مزید طویل عرصے تک اسی طرح چل سکتے ہیں، لیکن پہلے یہ بھی دیکھ لینا چاہیے کہ ماضی میں لائی جانے والی نئی قیادت کا انجام کیا ہوا، اگر واقعی نظام گر چکا ہے تو پھر اس کے ملبے پر حکمرانی کرنے والے ہی اس کے ذمہ دار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert