خضدار: سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بازار، دکانیں اور تجارتی مراکز رات 8 سے صبح 10 بجے تک بند رکھنے کا حکم

خضدار (ڈیلی قدرت کوئٹہ) خضدار میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بازار، دکانیں اور تجارتی مراکز رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک بند رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز اور نجی ہسپتال اس سے مستثنیٰ ہوں گے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے 8 اگست 2026 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایڈوائزری کی روشنی میں خضدار میں سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ احتیاطی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام بازار، دکانیں، ہوٹلز اور دیگر تجارتی مراکز اگلے احکامات تک روزانہ رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک بند رہیں گے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام خالصتاً ایک عارضی اور حفاظتی قدم ہے جو عوامی تحفظ کے وسیع تر مفاد میں اٹھایا گیا ہے، تاکہ عوام، تاجروں اور کاروباری برادری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ فارمیسی، میڈیکل اسٹورز اور نجی ہسپتالوں و طبی مراکز کو ان کی ہنگامی اور بنیادی خدمات کی نوعیت کے پیشِ نظر اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس، پولیس اور لیویز حکام کو اپنی حدود میں اس حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان عارضی حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد میں بھرپور تعاون کریں۔
