سیکیورٹی وجوہات: بلوچستان اور کراچی کے درمیان متعدد مسافر بسیں عارضی طور پر معطل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے مختلف اضلاع سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی مسافر بس سروس سیکیورٹی وجوہات کے باعث عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق خاران، پنجگور، واشک، بسیمہ، تربت، گوادر اور دیگر علاقوں سے کوئٹہ و کراچی جانے اور آنے والی متعدد مسافر بسیں 8 اگست سے 16 اگست تک سڑکوں پر نہیں چلیں گی جبکہ کوئٹہ سے پنجگور کوئٹہ سے گوادر اور کوئٹہ سے تربت کے تمام راستے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی ہے ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے طویل روٹس پر مسافر گاڑیاں چلانے کے بجائے عارضی طور پر سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت خاران سے کوئٹہ اور کراچی جانے والی بسوں کے علاوہ بلوچستان کے جنوبی اور مغربی اضلاع سے کراچی کے لیے چلنے والی متعدد مسافر گاڑیوں کی آمدورفت بھی روک دی گئی ہے مسافر بس سروس کی معطلی کے باعث خاران، پنجگور، واشک، بسیمہ اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں شہری متاثر ہوں گے۔ ان علاقوں کے شہری علاج، تعلیم، کاروبار، ملازمت، سرکاری امور اور دیگر ضروری کاموں کے لیے کوئٹہ اور کراچی کا سفر کرتے ہیں، جبکہ طویل فاصلے کے سفر کے لیے بڑی تعداد میں شہری مسافر بسوں پر انحصار کرتے ہیں خصوصا کوئٹہ اور کراچی کے بڑے اسپتالوں میں علاج کے لیے جانے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو سفری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح طلبہ، سرکاری ملازمین، کاروباری افراد اور روزگار کے سلسلے میں سفر کرنے والے شہری بھی ٹرانسپورٹ کی بندش سے متاثر ہوں گے ذرائع کے مطابق اچانک بس سروس معطل ہونے کے بعد مسافروں کو متبادل ذرائع آمدورفت تلاش کرنا پڑ سکتے ہیں، تاہم محدود متبادل ٹرانسپورٹ کے باعث سفر مزید مشکل اور مہنگا ہونے کا خدشہ ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ سروس کی بندش صرف خاران سے کوئٹہ یا کراچی جانے والی بسوں تک محدود نہیں بلکہ کراچی سے بلوچستان کے مختلف جنوبی اور مغربی علاقوں کی جانب چلنے والی متعدد مسافر بسیں بھی معطل رہیں گی کراچی سے تربت، گوادر، پنجگور، خاران اور بسیمہ کے روٹس پر بھی مسافر ٹرانسپورٹ بند رہنے کی اطلاعات ہیں۔ اس صورتحال کے نتیجے میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان مسافروں کی آمدورفت کا ایک اہم ذریعہ متاثر ہوگا کراچی میں مقیم بلوچستان کے شہریوں کو بھی اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرنے میں دشواری پیش آنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے کراچی جانے والے مسافر بھی اس بندش سے متاثر ہوں گے۔ ٹرانسپورٹ کی معطلی سے کاروباری سرگرمیوں، مسافر آمدورفت اور روزمرہ ضروریات سے متعلق نقل و حرکت پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ٹرانسپورٹرز کے مطابق موجودہ حالات میں مسافروں، ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں اور ٹرانسپورٹ عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ طویل روٹس پر چلنے والی بسوں کو حساس علاقوں اور شاہراہوں سے گزرنا پڑتا ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی طور پر سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ٹرانسپورٹرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر انتہائی ضروری ہو تو روانگی سے قبل متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی سے روٹ اور بس سروس کی دستیابی کے بارے میں معلومات ضرور حاصل کریں ذرائع کے مطابق بس سروس کی معطلی کا موجودہ شیڈول 8 اگست سے 16 اگست تک ہے، تاہم سیکیورٹی صورتحال میں بہتری یا متعلقہ اداروں کی جانب سے نئی ہدایات جاری ہونے کی صورت میں ٹرانسپورٹ سروس کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
