زیارت میں مشتبہ مسلح افراد کی نقل و حرکت کی اطلاعات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ؛ پولیس کو انتہائی چوکسی اور گشت بڑھانے کی ہدایت جاری

زیارت (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ضلع زیارت میں مشتبہ مسلح افراد کی دوبارہ نقل و حرکت اور بعض علاقوں میں ان کی مبینہ موجودگی کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سی ٹی ڈی بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع زیارت عبدالمالک درانی نے ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او زیارت و سنجاوی اور ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتہائی چوکسی اختیار کرنے اور متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی و حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان سے موصول ہونے والی معلوماتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد گزشتہ تقریبا ایک ہفتے سے بعض اہم سڑکوں اور راستوں کے کناروں پر نظر نہیں آئے تھے، تاہم گزشتہ روز ان کی دوبارہ موجودگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔ رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد کو سمل زیڑری کے علاقے میں دیکھا گیا، جس کے بعد متعلقہ پولیس حکام کو صورتحال پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد نے علاقے میں موجود ایک مقامی دکان پر بھی جا کر کچھ اشیا خریدیں۔ اطلاعات کے مطابق دکان سے خریداری کے بعد مشتبہ افراد نے علاقے سے گزرنے والے بعض راہگیروں کو روک کر ان کے شناختی کارڈز اور موبائل فونز چیک کیے اور اس کے بعد انہیں اپنی منزل کی جانب جانے کی اجازت دی۔ اس واقعے نے مقامی آبادی اور راہگیروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے سی ٹی ڈی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ساسٹھہ تھنگی کے علاقے میں ایک اسکول کے قریب بھی چار مسلح افراد کو دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد نے علاقے میں مبینہ طور پر گشت کیا اور کچھ وقت تک اردگرد کے علاقوں میں موجود رہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد تقریبا شام 6 بجے دوبارہ سمل زیڑری کے اطراف کی جانب واپس چلے گئے پولیس حکام کو موصول ہونے والی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد کی مسلسل نقل و حرکت اور مختلف علاقوں میں مبینہ موجودگی کے باعث مقامی آبادی میں خوف و تشویش پائی جاتی ہے۔ کلی زیڑری، اسپین ماغزی اور تور سکھر کے رہائشیوں کے حوالے سے بھی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض خاندان ان علاقوں میں مشتبہ افراد کی موجودگی اور مسلسل نقل و حرکت کے باعث اپنے اہل خانہ کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں پولیس کے مطابق علاقے میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور متعلقہ تھانوں و پولیس افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع زیارت عبدالمالک درانی کی جانب سے جاری مراسلے میں ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او زیارت و سنجاوی اور ضلع زیارت کے تمام ایس ایچ اوز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں انتہائی چوکسی اختیار کریں اور سیکیورٹی و حفاظتی انتظامات کو مزید مثر بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے، حادثے یا امن و امان کی صورتحال کو بروقت قابو کیا جاسکے مراسلے میں متعلقہ پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اپنے دائرہ اختیار (AoR) میں ضروری حفاظتی اور انسدادی اقدامات کیے جائیں اور ان اقدامات سے متعلق رپورٹ مقررہ مدت کے اندر اعلی حکام کو فراہم کی جائے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں گشت، نگرانی اور مشکوک سرگرمیوں کی مانیٹرنگ مزید بڑھانے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ مقامی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع ملنے کی صورت میں فوری طور پر کارروائی اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کا مقصد ممکنہ خطرات سے قبل از وقت نمٹنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مثر بنانا ہے۔ پولیس حکام نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران غیر معمولی احتیاط اور پیشہ ورانہ چوکسی کا مظاہرہ کریں
