ربیع الاول کا چاند 13 اگست کو نظر آنے کا امکان نہیں، سپارکو

ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپارکو نے ربیع الاول کے چاند کی متوقع رویت کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا۔
سپارکو کے مطابق ربیع الاول کے چاند کی پیدائش 12 اگست کو رات 10 بج کر 37 منٹ پر ہونے کا امکان ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 13 اگست کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی ممکنہ عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہوگی، جبکہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان تقریباً 32 منٹ کا وقفہ ہوگا۔
سپارکو کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند انسانی آنکھ اور دوربین سے نظر نہیں آسکے گا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے، تاہم ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوتی ہے تو اس صورت میں بارہ ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہو گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی یکم ربیع الاول 1448 ہجری 15 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے مطابق 12 ربیع الاول تقریباً 26 اگست 2026 کو متوقع ہے۔
پاکستان بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر میلاد کی محافل، سیرت کانفرنسز، جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert