ہنہ اوڑک میں دھماکہ، قلات اور چمن میں شہریوں کا قتل؛ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

نام نہاد فارم 47 کی حکومت طفل تسلیوں سے ریاستی رٹ بحال نہیں کرسکتی، اربوں روپے فنڈز کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے


مسلح جتھوں کے ذریعے عوام کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: پریس ریلیز
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ کے ہنہ اوڑک، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر قلات میں ابراہیم درانی کے قتل، چمن کے تاجر اشرف خان اچکزئی، قلعہ سیف اللہ کے منان خان ٹھیکیداراورمختلف ٹرانسپوٹرز سمیت پشتون عوام سے گاڑیاں چھیننے،کروڑوں کی گاڑیوں، املاک کو جلانے، بھتہ خوری کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلط نام نہاد نااہل فارم47کی حکومت محض طفل تسلیوں سے ریاستی رٹ بحال نہیں کرسکتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ اوڑک میں گزشتہ دونوں ایک بار پھر ولی تنگی جانیوالی گاڑی کو بارودی مواد کے ذریعہ اڑایا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید جبکہ تین زخمی ہوئے اور اس سے قبل بھی ایک واقعہ میں ریاض کاکڑ کو شہید کیا گیا تھاجس کا خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عوام کے سرومال کی تحفظ میں مکمل طو رپر ناکام ہوچکی ہے اعتراف کی بجائے ریاستی رٹ کے دعوے محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہیں۔ اسی طرح سیکورٹی فورسز جنہیں سالانہ اربوں روپے عوام کے خزانے سے فنڈز دیئے جاتے ہیں، سینکڑوں چیک پوسٹوں، جدید کیمروں، جگہ جگہ ناکوں، عوام کی تلاشی، تضحیک کے عمل، گھنٹوں گھنٹوں قطاوروں کے باوجود امن کے قیام میں ناکامی سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ پہلے ٹریفک حادثات کے باعث خونریز بن چکی تھی اب امن وامان کی ابتر صورتحال، بدامنی، لاقانونیت،چوری، ڈکیتی، اغواء کاری، قتل وغارت، مسلح جتوں کے باعث خونریز ی کے واقعات جاری ہیں اور حکومت خود کو اس سے بری الذمہ نہیں قرار دے سکتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا اور صوبے کے تمام اضلاع میں اس وقت امن وامان نہیں رہی، مسلح جتوں کے ذریعے جن کی سرپرستی خود حکومت کررہی ہے عوام کو یرغمال بنا کر انہیں ایک جانب لوٹا جارہا ہے اور دوسری جانب عوام کا خون ناحق بہایا جارہا ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ان تمام دہشت گردانہ واقعات کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ امن وامان کے قیام اور تمام عوام کے سرومال کو تحفظ دینے کے لیے اقدامات کیئے جائیں۔ بیان میں تمام واقعات میں متاثر ہونیوالے خاندانوں سے پارٹی دُکھ وافسوس کا اظہار کرتی ہے اور ان کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہیں۔

WhatsApp
Get Alert