بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا: سعد رفیق

لاہور(قدرت روزنامہ) رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی الشفا اسپتال منتقلی اور اہلخانہ و ڈاکٹر سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے۔

سعد رفیق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس عدالتی فیصلے سے عدلیہ کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا، سچ یہ ہے کہ اس فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا ہے، برسات کی حبس زدہ رُت میں یہ فیصلہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے، معزز جج صاحبان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فیصلے میں ریاستی منشا شامل ہے تو اسے بھی سراہنا چاہیے، عمران خان کی صحت اور زندگی اہم ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ان کی جماعت اور اہلخانہ کو بھی آئندہ محتاط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، ذمہ دارانہ رویہ اگلی راہ کھلنے کی صورت متعین کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی شخص اتنا طویل عرصہ قید تنہائی میں رکھا جائے گا تو اس کی صحت متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی، جیل قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے یہ آپ بیتی بھی ہے اور جگ بیتی بھی، قیدی آپ کا سیاسی مخالف ہو تو اس کی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی اشد ضروری ہوتی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کا فیصلہ حکومت خود کرتی لیکن دیر آید درست آید، فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ بانی پی ٹی آئی کیلیے آسانی ہو سکے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر چیمہ اور محمود الرشید سمیت دیگر اسیران بھی توجہ کے حقدار ہیں، اس موقع پر طعنہ زنی، گالم گلوچ اور ان کے دور کی سختیاں یاد کرنے یا دھرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert