حج 2027: ڈیجیٹل حج مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح، گھر بیٹھے درخواست اور پہلی قسط کی ادائیگی ممکن

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2027 کے لیے جدید ڈیجیٹل حج مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت عازمین حج اب گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرانے، پہلی قسط ادا کرنے اور اپنی درخواست کی پیش رفت جاننے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار لاکھ سے زائد افراد پہلے ہی حج رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ عازمین پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست مکمل کرکے پہلی قسط بھی آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کی سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں اور عازمین کا انتخاب “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے رجسٹرڈ عازمین سے اپیل کی کہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق جلد از جلد اپنی درخواست مکمل کریں اور پہلی قسط بروقت جمع کرائیں۔

حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے درخواست، دستاویزات کی تصدیق، پاسپورٹ کی جانچ، ادائیگی، گروپ رجسٹریشن اور درخواست کی ٹریکنگ سمیت تمام مراحل ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم پر مکمل کیے جا سکیں گے۔ اس نظام کو حبیب بینک، پاسپورٹ آفس، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی منسلک کیا گیا ہے تاکہ شفافیت، رفتار اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین ون لنک، Raast/Pay ID، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ، ڈیجیٹل چالان، اے ٹی ایم اور بینک برانچ کے ذریعے بھی حج واجبات ادا کر سکیں گے، جبکہ درخواست جمع ہونے کے بعد آن لائن ٹریکر کے ذریعے ہر مرحلے کی معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔

WhatsApp
Get Alert