پاکستان

کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ آئندہ ہفتے تک ملتوی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا صورتحال کے باعث بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آج وزرائے تعلیم اجلاس نہیں ہو گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس اب آئندہ ہفتے بلایا جائے گا جس میں اسکولوں کو بند کرنے یا کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔کانفرنس جمعرات کو دن 11 بجے ہونا تھی جس میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لیا جانا تھا، حکام وزارت تعلیم نے بتایاکہ کانفرنس میں کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کی تجویز پر غور ہوگا ،اسمارٹ سلیبس اور ہفتے میں تین دن کلاسز کی تجاویز پر بھی زیر غور آئیں گی۔

حکام وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں ویکسینیشن لازمی قرار دینے کی تجویز پر بھی غور ہو گا تاہم اب یہ تمام تجاویز اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں زیر غور آئیں گی۔گزشتہ دنوں اپنی پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہ کریں اور انہیں چلاتے رہیں تاہم اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہمیں تعلیمی ادارے بند کرنے پڑیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وبا میں تعلیم سے متعلق سارے فیصلے صوبائی وزرائے تعلیم کی مشاورت سے کئے گئے ہیں۔دوسری جانب بائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ محفوظ تعلیمی ادارے ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب بھر میں مستقبل کے معماروں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے خصوصی ویکسی نیشن کیمپس لگا رہا ہے۔تعلیمی اداروں میں 100فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنا کر ہی تعلیمی سرگرمیوں کو بلاتعطل جاری رکھا جا سکتا ہے۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ پنجاب کی تمام بڑی جامعات میں ویکسی نیشن کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے 20 ہزار سے زائد طالب علموں کو گزشتہ سال ویکسینیٹ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں