سیرتِ نبویؐ پر عمل کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا محمد تارڑ نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرتِ طیبہ تمام انسانیت کے لیے رہنمائی اور رحمت کا سرچشمہ ہے، آج ہمیں آپؐ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

اسلام آباد میں سیرت النبیؐ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا محمد تارڑ نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبیؐ کی شان اور مقام کو بیان فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ وجۂ تخلیقِ کائنات، رحمت اللعالمین اور خاتم النبیین ہیں، اور آپؐ کو تمام انسانوں اور تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن مجید بھی نبی کریمؐ کو عطا کیے گئے عظیم معجزات میں سے ایک ہے اور آپؐ کی تعلیمات انسانیت کے لیے رہنمائی کا مستقل ذریعہ ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نبی کریمؐ کی شخصیت اور تعلیمات سے غیر مسلم بھی متاثر ہوئے اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے اہلِ قلم نے آپؐ کی شان میں تحریریں اور اشعار لکھے۔ انہوں نے برصغیر کے ایک سکھ شاعر کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عشقِ رسولؐ کسی ایک مذہب یا گروہ تک محدود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہ سے رہنمائی لینا انتہائی ضروری ہے اور ہمیں نبی کریمؐ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert