انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں متنازعہ ترمیم پر شاہزیب خانزادہ اور عظمیٰ بخاری میں تکرار

آپ مان رہی ہیں کہ افسر حکومت تعینات کرے گی تو کیا اس کا نام حکومت کو نہیں پتہ ہوگا؟ یہ آپ کے مخالفین کیخلاف استعمال ہوگا، شاید مستقبل میں آپ کیخلاف بھی ہو؛ شاہزیب خانزادہ کا صوبائی وزیراطلاعات سے مکالمہ


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں منظور کی جانے والی متنازعہ ترمیم نے قانونی اور سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ اور پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے درمیان 20 ویں گریڈ کے خفیہ افسر کی تعیناتی اور اختیارات پر شدید نوک جھونک دیکھنے میں آئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی اس نئی ترمیم کے تحت اسپیشل سیکیورٹی کیس کے نام پر خفیہ ٹرائلز چلانے کی راہ ہموار کی گئی ہے، اپنے شو میں اس بل پر شدید تنقید کرتے ہوئے اینکر شاہزیب خانزادہ نے نشاندہی کی کہ ان مقدمات میں نہ جج کا پتا ہوگا، نہ وکیل، گواہ یا پولیس افسران کا نام ظاہر کیا جائے گا، 20 ویں گریڈ کے ایک سرکاری افسر کو مقدمات اور ان کے التوا کے لیے غیر معمولی اختیارات دیئے جا رہے ہیں جو کہ براہِ راست حکومت کے تحت کام کرے گا۔


جب شاہزیب خانزادہ نے سوال اٹھایا کہ ’حکومت کا تعینات کردہ 20 ویں گریڈ کا کون سا ایسا افسر ہے جو وزیراعلیٰ مریم نواز کی بات کو ٹال سکے یا ناں کہہ سکے؟‘ اس پر عظمیٰ بخاری نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ ’جس افسر کا نام ہوم ڈیپارٹمنٹ سے منظور ہوگا، اس کے نام پر چیف جسٹس سے مشاورت کی جائے گی اور اس کا نام صرف چیف جسٹس کو معلوم ہوگا‘۔
شاہزیب خانزادہ نے مؤقف اپنایا کہ ’حکومت جس افسر کو تعینات کرے گی کیا اس کا نام وزیراعلیٰ یا حکومت کو معلوم نہیں ہوگا؟ اور قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ نام چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد فائنل ہوگا، آپ خود مان رہی ہیں کہ افسر حکومت ہی تعینات کرے گی، جو کل کو آپ کے مخالفین اور شاید مستقبل میں خود آپ کے خلاف استعمال ہوگا‘۔ جس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’شاہزیب خانزادہ آپ آدھی لائنیں پڑھ کر بات کر رہے ہیں‘، تاہم اینکر نے واضح کیا کہ ’20 ویں گریڈ کا افسر چیف جسٹس کو کیسز کی تفصیلات دے گا مگر وہ بنیادی طور پر حکومت کی ہی طرف سے نامزد کردہ ایک 20ویں گریڈ کا افسر ہوگا، اس قانون کو انسانی حقوق اور انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی قرار دے کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert