سینئر ن لیگی رہنماء کا اپنی ہی حکومت کے قانون پر شدید اعتراض
وزیرِاعلیٰ کا نامزد افسر کسی حکم سے انکار کی پوزیشن میں نہیں ہوگا، نہ آزادانہ نگرانی، نہ عوامی ریکارڈ، نہ کوئی ضمانت کہ یہ قانون سیاسی مخالفین یا اختلافِ رائے رکھنے والوں کیخلاف استعمال نہیں ہوگا؛ جاوید لطیف کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر میاں جاوید لطیف نے اپنی ہی جماعت کی پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی اسمبلی سے منظور کروائے گئے اسپیشل سیکیورٹی کیس قانون کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عدلیہ کی آزادی اور شفاف انصاف کے لیے ایک انتہائی خطرناک قدم قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے نشاندہی کی کہ اس نئے قانون کے تحت وزیرِ اعلیٰ کا نامزد کردہ گریڈ 20 یا اس سے اوپر کا افسر یہ تن تنہا فیصلہ کرے گا کہ کون سا کیس خصوصی تحفظ کا مستحق ہے، اس افسر کی نامزدگی کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اس پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے، جہاں نہ انکار کی گنجائش ہوگی اور نہ ہی نظرثانی کا حق ہے، ایک غیر منتخب اور غیر شناخت شدہ بیوروکریٹ کو عدلیہ پر یہ بالادستی دینا انصاف کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہے۔
پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والا “اسپیشل سیکیورٹی کیس” قانون عدلیہ کی آزادی اور شفاف انصاف کے لیے ایک خطرناک قدم ہے۔
اس قانون کے تحت ایک گریڈ 20 یا اس سے اوپر کا افسر، جسے وزیرِ اعلیٰ نامزد کرے گا، تن تنہا یہ فیصلہ کرنے کا اختیار رکھے گا کہ کون سا دہشت گردی کا مقدمہ “خصوصی تحفظ”…
— Mian Javed Latif (@Mian_JavedLatif) September 3, 2026
میاں جاوید لطیف نے سوال اٹھایا کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997ء اور 2018ء کا گواہ تحفظ قانون پہلے سے ہی ججوں کو بند کمرہ کارروائی اور جیل ٹرائل کا اختیار دیتے ہیں، پھر آزاد ججوں سے یہ اختیار چھین کر ایگزیکٹو کے تابع افسر کو کیوں دیا جا رہا ہے؟ وزیرِ اعلیٰ کا نامزد کردہ افسر کسی بھی حکم سے انکار کی پوزیشن میں نہیں ہوگا اور یہ قانون مستقبل میں سیاسی مخالفین، صحافیوں اور اختلافِ رائے رکھنے والوں کے خلاف انتقامی ہتھیار کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 10 A ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا بنیادی حق دیتا ہے، مگر گمنام ججز، گمنام گواہ اور سربمہر ریکارڈ اس بنیادی حق کو سخت نقصان پہنچائیں گے، ایسے اقدامات سے ناصرف ایف اے ٹی ایف جیسے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی گورننس اور رول آف لاء پر سوالات اٹھیں گے بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد اور عوام کا تحفظ کا احساس بھی متزلزل ہوگا۔
