آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں کتنا اضافہ متوقع ہے؟

لندن (قدرت روزنامہ)ایپل رواں سال کی بڑی تقریب میں نئے آئی فون متعارف کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ قیمتوں سے متعلق اہم رپورٹس سامنے آگئی ہیں۔

تحقیقاتی ادارے ٹرینڈ فورس کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1249 سے 1299 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ گزشتہ نسل کے آئی فون 17 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر تھی۔

اسی طرح آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1349 سے 1399 ڈالر تک ہونے کا امکان ہے، جو آئی فون 17 پرو میکس کی 1199 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں 150 سے 200 ڈالر زیادہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ پیداواری لاگت میں اضافہ ہے۔ ٹرینڈ فورس کے اندازے کے مطابق 256 جی بی میموری چِپ کی قیمت ایک سال کے دوران تقریباً 400 فیصد بڑھ چکی ہے۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق 256 جی بی پرو ماڈل کی مجموعی پیداواری لاگت بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 38 فیصد بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل ممکنہ طور پر اضافی پیداواری لاگت کا کچھ حصہ خود برداشت کرتے ہوئے اپنے منافع میں کمی کرسکتا ہے، تاکہ تمام اضافی اخراجات صارفین پر منتقل نہ کیے جائیں۔

عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے میموری کی بڑھتی ہوئی طلب بھی برقی مصنوعات کی صنعت میں میموری کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ بن رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert