میری باتوں سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت چاہتا ہوں، نظریہ پاکستان کے خلاف نہیں رہے: میر صادق عمرانی

اسمبلی میں پچھلے دو روز جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ہوا، آگے بڑھنے کے لیے تمام چیزوں پر مٹی پاؤ: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی باتوں سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے سچ بولنے کا حلف اٹھایا ہے، یہاں بولی جانے والی بعض باتوں کو میڈیا نے غلط انداز میں چلایا، جبکہ ہم نے ہمیشہ صوبے کی ترقی کی باتیں کی ہیں اور ہم کبھی نظریہ پاکستان کے خلاف نہیں رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر فلور پر صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تجاویز دی ہیں اور وہ تمام شخصیات کا عزت و احترام کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے مؤقف اپنایا کہ دو روز قبل ان کے خلاف پیش کی جانے والی مذمتی قرارداد خلاف قانون تھی، اور اگر یہ ثابت ہو جائے تو اسے منسوخ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صادق عمرانی کے واضح مؤقف کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، اسمبلی میں پچھلے دو روز کے دوران جو کچھ بھی ہوا وہ اچھا نہیں ہوا، اس لیے اب آگے بڑھنے کے لیے تمام چیزوں پر مٹی پالی جائے۔ دریں اثنا، اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے رولنگ دی کہ انہوں نے قانون سے ہٹا کر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ بعد ازاں، ایوان کی کارروائی کے اختتام پر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 29 ستمبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert