حماد اظہر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی اختلاف کی بنیاد پر شہریوں کو قانونی حقوق سے محروم نہ کیا جائے، اسد قیصر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے حماد اظہر کی گرفتاری کی پرزور اور شدید مذمت کرتا ہوں۔ ہماری اطلاعات کے مطابق انہیں چار روز قبل حراست میں لیا گیا، جو آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی اور نظامِ انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھنا نہ صرف ناقابلِ قبول بلکہ بنیادی انسانی اور آئینی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، نہ کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر شہریوں کو ان کے قانونی حقوق سے محروم کریں۔ حماد اظہر کے والدِ محترم، سابق گورنر پنجاب مرحوم میاں اظہر، نے ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کا سیاسی، سماجی اور عوامی کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ حماد اظہر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا، انہیں غیرقانونی طور پر حراست میں رکھنا اور شفاف قانونی عمل سے محروم کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ملک کو انتقامی سیاست، جبری حراستوں اور قانون سے بالاتر اقدامات کے بجائے آئین، قانون اور انصاف کی حکمرانی کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert