ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے 7لاکھ50 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ،ٹینڈر جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے ملکی گندم کے ذخائر مستحکم کرنے اور صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔
ٹی سی پی نے عالمی سپلائرز سے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کیلئے سیل شدہ بولیاں طلب کی ہیں، جبکہ مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی اجازت ہوگی۔ گندم کراچی اور گوادر بندرگاہوں پر کاسٹ اینڈ فریٹ (C&F) بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔
ٹینڈر کی شرائط کے مطابق گندم حالیہ ترین فصل کی ہونی چاہیے، جبکہ بین الاقوامی سپلائرز براہِ راست یا پاکستان میں متعلقہ وفاقی یا صوبائی ٹیکس حکام کے ساتھ رجسٹرڈ اپنے مقامی دفاتر یا نمائندوں کے ذریعے حصہ لے سکتے ہیں۔ سپلائرز کیلئے دنیا کے کسی بھی حصے سے بڑی مقدار میں گندم فراہم کرنے کی صلاحیت رکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
درآمد کی جانے والی گندم موجودہ امپورٹ پالیسی آرڈر کی شرائط کے مطابق بھی ہونی چاہیے، ٹی سی پی کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن سے کم مقدار کی بولیاں قابل قبول نہیں ہوں گی، جبکہ مقررہ مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی اجازت ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم صوبوں کی ضروریات کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔ سندھ کو 3 لاکھ، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار جبکہ خیبر پختونخوا کو 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی نے دی۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کی جانب سے اضافی گندم کی طلب پر 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔
