حکمران عوام کو ایسے لوٹ رہے ہیں جیسے منگولوں نے بغداد کو لوٹا تھا، فواد چوہدری

بھارت نے پیٹرول اب تک صرف 7 روپے اور بنگلہ دیش نے 24 ٹکا فی لیٹر مہنگا کیا، پاکستان نے 114 روپے بڑھا دیئے، آٹا پیاز ہر چیز کی قیمت کو پر لگ گئے، یہ 40 ارب کی گاڑیاں خرید رہے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور سیاستدان فواد چوہدری نے امریکہ اور ایران کے تنازعہ کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہمسایہ ممالک سے موازنہ پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے اعداد و شمار کا موازنہ کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی قلعی کھول دی، انہوں نے خطے کی صورتحال پر لکھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی تصادم کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا، اس کے برعکس اسی دوران بھارت نے پٹرول کی قیمتوں میں صرف 7 روپے فی لیٹر اور بنگلہ دیش نے صرف 24 ٹکا فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔


فواد چوہدری نے عوامی معاشی مشکلات کے باوجود حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات اور شاہ خرچیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف عوام معاشی بحران کا شکار ہیں اور دوسری طرف صرف تین دنوں کے اندر 40 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، مریم نواز 11 ارب روپے کا جہاز لے کر لندن میں چھٹیوں پر موجود ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آٹا، پیاز اور دیگر روزمرہ کی تمام اشیاء کی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں، اس صورتحال میں مؤثر اپوزیشن کی عدم موجودگی کی وجہ سے موجودہ حکمران عوام کو اس بے دردی سے لوٹ رہے ہیں جیسے تاریخ میں منگولوں نے بغداد کو لوٹا تھا۔

WhatsApp
Get Alert