نو مئی کیس؛ عدالت کا مینا خان آفریدی کا پاسپورٹ ضبط اور بلیک لسٹ کرنے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے صوبائی وزیر خیبرپختونخواہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں مطلوب خیبرپختونخواہ حکومت کے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ان کا پاسپورٹ ضبط کرنے اور نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ملزم کی جانب سے مسلسل عدم پیشی اور قانونی کارروائی سے روگردانی کا سخت نوٹس لیا، عدالت نے قرار دیا کہ مینا خان آفریدی جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ بننے سے گریزاں ہیں اور مسلسل غیر حاضر رہ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما مینا خان آفریدی کےو ارنٹ گرفتاری جاری#PublicNews #PublicUpdates pic.twitter.com/AIsuKcMp0i
— Public News (@PublicNews_Com) September 9, 2026
بتایا گیا ہے کہ عدالت نے صوبائی وزیر کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فوری ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے 9 مئی مقدمات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، انسدادِ دہشت گردی عدالت نے مینا خان آفریدی کا پاسپورٹ ضبط کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔
واضح رہے کہ مینا خان آفریدی 9 مئی کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات، جلاؤ گھیراؤ اور امن و امان کی خراب صورتحال کے حوالے سے درج کیے گئے مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو انتہائی مطلوب ہیں۔
