سورینج حادثہ: انکوائری کمیٹی کی ازسرِنو تشکیل کا مطالبہ

اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے: نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان نے سورینج کان حادثے کے بعد قائم کی گئی کورٹ آف انکوائری کمیٹی کی تحقیقات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان اور محکمۂ معدنیات سے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کو ازسرِنو تشکیل دے کر مکمل طور پر شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں۔
نیشنل لیبر فیڈریشن کے مطابق افسوس کے ساتھ یہ تاثر سامنے آ رہا ہے کہ تحقیقات کا رخ حادثے کے اصل ذمہ داروں کے تعین کے بجائے ایسے افراد کی طرف موڑا جا رہا ہے جن کا حادثے سے براہِ راست تعلق نہیں، جبکہ کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار اور دیگر اصل ذمہ دار عناصر کے کردار کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ طرزِ عمل نہ صرف جاں بحق کان کنوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ کسی کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے حادثے کے حقیقی اسباب اور حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تعین کرے۔
نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان مطالبہ کرتی ہے کہ موجودہ کورٹ آف انکوائری کمیٹی کو ازسرِنو تشکیل دیا جائے اور اس میں غیر جانب دار، باصلاحیت اور دیانت دار افراد کو شامل کیا جائے۔ تحقیقات میں کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار اور متعلقہ حکام سمیت تمام ذمہ داروں کا کردار واضح کیا جائے اور جو بھی قصوروار ثابت ہو، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
سورینج سانحہ کو محض ایک اور کان حادثہ سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے۔ شفاف تحقیقات اور اصل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہی شہداء کے ساتھ حقیقی انصاف اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کی ضمانت بن سکتی ہے۔
نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان

WhatsApp
Get Alert