کوئٹہ میں موسمیاتی رہنماؤں کے لیے ٹریننگ آف ٹرینرز کا انعقاد


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پروگریسو کلائمیٹ فاؤنڈیشن (PCF) پاکستان کے بلوچستان چیپٹر کے زیر اہتمام کوئٹہ میں “رویوں میں تبدیلی برائے موسمیاتی اقدام” (Behavior Change for Climate Action) کے موضوع پر ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT) کا انعقاد کیا گیا، جس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کرنے والے نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی۔
ملک بھر سے اس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 50 کلائمیٹ لیڈرز کا انتخاب کیا گیا، جن کا تعلق پاکستان کے 25 موسمیاتی طور پر متاثرہ اضلاع سے ہے۔ ان میں سے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 25 کلائمیٹ لیڈرز نے کوئٹہ میں منعقدہ تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔
تربیت کا بنیادی مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی کو عملی رویوں میں تبدیل کرنا اور معاشرے میں پائیدار اور ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔
تربیتی سیشنز کے دوران شرکاء کو موسمیاتی اقدام کے لیے رویوں میں تبدیلی، توانائی کے مؤثر استعمال، گھریلو سطح پر آگاہی و رابطہ کاری، گرین ہاؤس ہولڈ کمٹمنٹس، کمیونٹی موبلائزیشن، پیئر نیٹ ورکس، ڈیٹا کلیکشن، فیڈ بیک و رپورٹنگ اور نوجوانوں کی قیادت سمیت مختلف موضوعات پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔
پروگرام کا مقصد نوجوان کلائمیٹ لیڈرز کو ایسے عملی علم، مہارتوں اور ذرائع سے لیس کرنا ہے جن کی مدد سے وہ اپنے علاقوں میں گھروں اور کمیونٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرتے ہوئے ماحول دوست اقدامات کو فروغ دے سکیں۔ ان اقدامات میں توانائی اور پانی کا مؤثر استعمال، کچرے کے بہتر انتظام اور غیر ضروری کھپت میں کمی جیسے عملی طریقے شامل ہیں۔
یہ پروگرام Center for Behavior and Climate کی جانب سے شروع کیا گیا، جسے Aga Khan Foundation کی مالی معاونت حاصل ہے، جبکہ اس کی بلوچستان میں عملدرآمد کی ذمہ داری Progressive Climate Foundation (PCF) Pakistan نے ادا کی۔

تربیتی پروگرام کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کلائمیٹ لیڈرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کمیونٹی سطح پر مؤثر حکمتِ عملیوں کو سمجھنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صرف آگاہی کافی نہیں بلکہ پائیدار اور دیرپا نتائج کے لیے روزمرہ زندگی کے معمولات اور رویوں میں عملی تبدیلی لانا ضروری ہے۔ گھریلو اور کمیونٹی سطح پر چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں مجموعی طور پر موسمیاتی اقدامات پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہیں۔
تربیت مکمل کرنے کے بعد کلائمیٹ لیڈرز اپنے اپنے علاقوں میں گھروں اور کمیونٹیز کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے پائیدار، ماحول دوست اور توانائی کے مؤثر استعمال پر مبنی طریقوں کو فروغ دیں گے۔
تربیتی سیشنز میں انعم ملک مینگل اور تنویـر احمد نے بطور ٹرینرز شرکت کی اور شرکاء کو اپنے تجربات، عملی معلومات اور رہنمائی فراہم کی۔
اس اقدام کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ علاقوں میں نوجوانوں کی قیادت اور کمیونٹی کی شمولیت کو مضبوط بناتے ہوئے موسمیاتی اقدامات کو مقامی سطح پر مؤثر اور پائیدار بنانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert