بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026: اہم نوعیت کی قانون سازی پر متعلقہ سیکرٹری کی عدم موجودگی پر شدید تشویش

پرانے قوانین کے باعث پیدا ہونے والا خلا دور کریں گے، مجوزہ بل پر عوامی اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر پیشرفت نہیں ہوگی


گوادر اور لسبیلہ کے غریب ماہی گیروں اور فش فارمرز کی آراء لازمی شامل کی جائیں گی: چیئرمین قائمہ کمیٹی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں قائمہ کمیٹی برائے ماہی گیری کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان عبدالمجید بادینی، ظفر علی آغا، برکت علی رند، میر ظہور بلیدی اور صفیہ فضل نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن، ڈائریکٹر جنرل فشریز، ایڈیشنل سیکرٹری فشریز، ایڈیشنل سیکرٹری قانون اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس کے آغاز میں محکمہ ماہی گیری کی جانب سے بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں ماہی گیری، ایکوا کلچر، فشریز ہاربرز اور ساحلی ترقی سے متعلق موجودہ قوانین انتہائی پرانے اور مختلف قوانین میں منقسم ہیں، جن میں بلوچستان فشریز آرڈیننس 1961، بلوچستان سی فشریز آرڈیننس 1971، پسنی فشریز ہاربر اتھارٹی آرڈیننس 1983 اور بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 1998 شامل ہیں۔ ان پرانے قوانین کے باعث بعض معاملات میں انتظامی و قانونی خلا اور ادارہ جاتی اختیارات میں باہمی تداخل پیدا ہو رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق مجوزہ بل کا بنیادی مقصد فشریز اور ایکوا کلچر کے شعبے کے لیے ایک مربوط اور جدید قانونی نظام وضع کرنا ہے، جس کے تحت پائیدار ماہی گیری و ایکوا کلچر، ہاربرز اور ساحلی ترقی، لائسنسنگ، ڈیجیٹل گورننس، نگرانی و مانیٹرنگ، ماحولیاتی تحفظ اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کو مثر بنایا جا سکے، جبکہ مجوزہ قانون کے ذریعے صوبائی قانون سازی کو بین الاقوامی بہترین طریق کار سے ہم آہنگ کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔بل کے تحت پسنی فشریز ہاربر اتھارٹی اور بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو تحلیل کرکے ان کے تمام اثاثہ جات، واجبات، فرائض اور ذمہ داریاں محکمہ فشریز اینڈ کوسٹل ڈویلپمنٹ کو منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی، رابطہ کاری اور انتظامی امور کو مزید مثر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی مولانا ہدایت الرحمن نے اہم نوعیت کے اس بل پر متعلقہ محکمے کے سیکرٹری کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایسے اہم قانون سازی کے معاملے پر متعلقہ اعلی حکام کی موجودگی لازمی ہونی چاہیے تاکہ کمیٹی کو تمام پہلوں سے مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔کمیٹی ارکان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 پر عوام، ماہی گیروں اور فش فارمرز کی آرا کو لازمی شامل کیا جانا چاہیے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ چونکہ اس بل کا براہِ راست تعلق ساحلی علاقوں، غریب ماہی گیروں اور فش فارمنگ سے وابستہ طبقات سے ہے، اس لیے اس پر حتمی پیش رفت سے قبل گوادر اور لسبیلہ میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت ناگزیر ہے۔ کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ بل کے حوالے سے آئندہ اجلاس گوادر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں فش فارمرز اور دیگر متعلقہ نمائندگان کو خصوصی طور پر مدعو کرکے ان کی تجاویز اور آرا حاصل کی جائیں گی، اور اگر باقاعدہ اجلاس کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا تو گوادر میں اس اہم موضوع پر ایک بڑا سیمینار منعقد کرکے عوامی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا لی جائیں گی۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بل پر غور کے دوران محکمہ خزانہ اور محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) کے نمائندگان کو بھی شریک کیا جائے گا، جبکہ عامتہ الناس کو اس بل کے تمام خدوخال اور اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لیے اس کے اہم نکات کی میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے گی۔ کمیٹی ارکان نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ بلوچستان میں فشریز اور ایکوا کلچر کے قیمتی وسائل کے پائیدار فروغ، تحفظ، مثر انتظام و انصرام اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے جدید اور جامع قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی موثر مشاورت اور تجاویز کو شامل کرنا بھی ضروری ہے۔ اجلاس کے آخر میں چیئرمین کمیٹی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert