بہن! ہم نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ امیر حیدر ہوتی کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل


پشاور (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر انتہائی سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونوں کو غیر ضروری طور پر شک کی نگاہ سے دیکھنا اور نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر حیدر ہوتی نے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ انہیں پشتونوں سے خطرہ ہے، بہن! ہم نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ پشتونوں کے گھر اور کاروبار ایک ایسی جنگ میں برباد ہو چکے ہیں جو ہماری جنگ ہی نہیں تھی، مطلب یہ کہ مارا بھی ہم کو گیا، بدنام بھی ہمیں کیا گیا اور آج اسی پشتون کو شک کی نگاہ سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حکمرانوں کی بے بسی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے موجودہ صوبائی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جو وزیراعلیٰ بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی حیثیت ایک جنریٹر سے بھی کمزور ہے، انہیں ووٹ تو پختونخواہ کے غیور عوام نے دیا لیکن وہ عوام کی خدمت کرنے کی بجائے صرف اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں، وفاقی حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کے پاس بھی کوئی اختیار نہیں، اگر کوئی شخص کوئی مسئلہ لے کر ان کے پاس جائے تو آگے سے جواب ملتا ہے کہ ’میں پوچھ کر بتاؤں گا‘۔

WhatsApp
Get Alert