پنجاب میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بڑا فیصلہ، آخری مہلت مقرر

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب میں اسموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے دھواں دینے والی نجی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ گاڑی مالکان کو اپنی گاڑیوں کی جانچ اور ضروری اقدامات کے لیے 15 اکتوبر 2026 تک مہلت دی گئی ہے۔
پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری حسن احسن نے اعلان کیا ہے کہ 15 اکتوبر سے دھواں خارج کرنے والی تمام نجی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی شروع کردی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد اسموگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنا اور سڑکوں پر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اسموگ کی صورتحال اور پیشگی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال بھی مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے اسموگ کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔
حکام کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق پنجاب میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے گاڑیوں کے لیے خصوصی اسٹیکرز بھی جاری کیے جائیں گے، جن کی مدت ایک سال ہوگی۔ اس اقدام کے ذریعے گاڑیوں کی فٹنس اور متعلقہ کارروائی کو مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
حسن احسن کے مطابق زیادہ دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس بھی فیلڈ میں موجود ہوگی اور نفاذِ قانون کے آپریشنز میں متعلقہ اداروں کا ساتھ دے گی۔
لہٰذا گاڑی مالکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ 15 اکتوبر کی مقررہ تاریخ سے قبل اپنی گاڑی کی فٹنس اور دھویں کے اخراج سے متعلق مسائل دور کرلیں تاکہ کریک ڈاؤن کے دوران قانونی کارروائی سے بچا جاسکے۔
