12 ربیع الاول کو مبینہ پولیس کریک ڈاؤن؛ تیل کی کڑاہی میں گر کر جھلسنے والا پی ٹی آئی ورکر جاں بحق

لاہور (قدرت روزنامہ) 12 ربیع الاول کے روز عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مبینہ پولیس ریڈ کے دوران کھولتے ہوئے تیل کی کڑھائی میں گر کر شدید جھلسنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم ورکر اشتیاق خان 18 روز تک میو ہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔ پی ٹی آئی رہنما زبیر خان نیازی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان کے مطابق اشتیاق خان 12 ربیع الاول کو پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں علاج کے لیے میو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ڈاکٹرز کی طویل کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
بتایا گیا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج دوپہر یو ای ٹی یونیورسٹی کے سامنے جی ٹی روڈ کے قریب واقع قبرستان میں ادا کر دی گئی ہے، جس میں پارٹی کارکنوں اور عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
اشتیاق بھائی جو میلادالنبی کے روز پولیس دھاوا کے باعث کھولتے تیل سے جھلس گئے تھے، میو ہسپتال داخل تھے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ اللہ پاک انکو غریق رحمت کرے، گھر والوں کو صبر عطا کرے اور پاکستان سے ظلم کا خاتمہ فرما دے۔ آمین pic.twitter.com/Y9XyYytplv— Zubair Khan Niazi (@zubairniazi) September 13, 2026
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے راجگڑھ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی عزیز اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماء زبیر نیازی کے گھر پر محفلِ میلاد کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر چھاپہ مار کر متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی نے بتایا تھا کہ پولیس کی بھاری نفری نے راجگڑھ میں واقع ان کے گھر پر اس وقت چھاپہ مارا جب وہاں محفلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا، پولیس نے موقع پر موجود ان کی والدہ، ان کے بھائی ایڈووکیٹ شرجیل خان نیازی، رکنِ پنجاب اسمبلی سعدیہ ایوب، اشتیاق خان، مبین احمد، اور خالد اعوان سمیت 16 افراد کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
لاہور، راجگڑھ
عمران خان کے قریبی عزیز اور رہنما تحریک انصاف زبیر نیازی کے گھر محفل میلاد کے دوران پولیس کا چھاپہ ، زبیر نیازی کے مطابق انکی والدہ ،بھائی ایڈووکیٹ شرجیل خان نیازی ، ایم پی اے سعدیہ ایوب، اشتیاق خان ، مبین احمد ، خالد اعوان سمیت 16 لوگوں کو پولیس نے حراست میں لیا… pic.twitter.com/A7MRioBlk7— Muhammad Umair (@MohUmair87) August 26, 2026
پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ اشتیاق خان جو محفل میلاد النبی ﷺ میں موجود تھے، پولیس نےجب محفل پر دھاوا بولا تو بھگدڑ کے دوران وہ اور ایک اور شخص گرم کڑاہی میں گرگئے، افسوسناک امر یہ ہے کہ زخمی حالت میں بھی پولیس انہیں گرفتار کرکے لے گئی، جب کہ پولیس نے حراست میں لینے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی والدہ کو رہا کر دیا، تاہم باقی دیگر تمام رہنماؤں، وکلاء اور کارکنان کو ابھی بھی پولیس کی تحویل میں رکھا گیا۔
اشتیاق خان جو محفل میلاد النبی ﷺ میں موجود تھے۔ پولیس نےجب محفل پر دھاوا بولا تو بھگدڑ کےدوران وہ اور ایک اور شخص گرم کڑاہی میں گر گئے۔ افسوسناک امر یہ ہےکہ زخمی حالت میں بھی پولیس انہیں گرفتار کرکے لےگئی۔
یہ جابرانہ کارروائی اور انسانی ہمدردی سے عاری رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ pic.twitter.com/87ZV0oqTnP
— Zubair Khan Niazi (@zubairniazi) August 26, 2026
