پاکستان کا ہر شہری شدید رنجیدہ اور مضطرب ہے، وزیراعظم کی مکہ مکرمہ ڈرون حملے کی مذمت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومتِ پاکستان نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر حالیہ ڈرون حملے کی مذموم کوشش کی سخت ترین الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ المكرمہ جیسی مقدس ترین سرزمین کو نشانہ بنانے کی اس کاوش پر پاکستان کا ہر شہری شدید رنجیدہ، غمزدہ اور مضطرب ہے، اس ناپاک اور ناقابلِ معافی اقدام پر پاکستانی قوم کے دلوں میں جو درد اور غصہ پایا جاتا ہے اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنانے پر سعودی عرب کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بیدار مغزی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ رائل سعودی آرمڈ فورسز نے جس جرات اور رفتار کے ساتھ اس کارروائی کو روکا اور مقدس مقام کا دفاع کیا، وہ قابلِ فخر اور انتہائی قابلِ ستائش ہے، تمام متعلقہ فریقین سے اپیل ہے کہ وہ انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر اپنے قدم پیچھے ہٹائیں کیونکہ یہ خطہ پہلے ہی طویل عرصے سے درپیش تنازعات اور جنگوں کے باعث بھاری نقصان اٹھا چکا ہے۔
وزیراعطم نے اس بات پر زبردست زور دیا کہ دیرپا امن کے قیام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد اور پائیدار طریقہ کار ہے، پاکستان اپنے بھائی ملک سعودی عرب کی سلامتی، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر لمحہ اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، مزید برآں حرمین شریفین کا تحفظ اور پاسبانی صرف ایک سیاسی یا سفارتی ترجیح نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے ایمان کا بنیادی حصہ اور ایک ایسا مقدس فریضہ ہے جو ہر شہری کے دل کے انتہائی قریب ہے۔
