27 ستمبر کا لانگ مارچ موجودہ غیرآئینی، غیرجمہوری اور آمرانہ طرز حکمرانی کیخلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، شفیع جان

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ اطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ موجودہ غیرآئینی، غیرجمہوری اور آمرانہ طرز حکمرانی کیخلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے فارم 47 کے جعلی حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران ناجائز پنجاب حکومت کے ہتھکنڈے قابل مذمت ہے، تمام تر ظلم و جبر، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ہتھکنڈوں کے باوجود اسٹریٹ موومنٹ کامیابی سے جاری ہے۔
گزشتہ شب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے قریب مسلح شخص کو سکیورٹی اسٹاف نے گرفتار کیا، جسکے پاس پستول تھا،مسلح شخص کا ٹارگٹ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی تھے۔
وزیراعلیٰ جہاں بھی جاتے ہیں وہاں کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے، سیالکوٹ میں جہاں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا، وہاں کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ جنریٹر بھی خراب کیے گئے۔ وزیر آباد میں وزیر اعلی سہیل آفریدی کے راستے میں ریلوے پھاٹک کو بند کرکے چابی ڈی پی او ساتھ لے گئے، پنجاب پولیس کی جانب سے کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند کروانا حکومت کے خوف اور بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،پنجاب پولیس نے پنجاب میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا کی ہے، پنجاب حکومت کے غیر قانونی اقدامات کھلی فسطائیت اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہیں۔
ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ کے خلاف غیر قانونی ہتھکنڈوں کا استعمال عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین ہے،لاہور اور سیالکوٹ کے عوام نے سڑکوں پر پولیس گردی کا مقابلہ کرکے واضح پیغام دیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے فارم 47 کے جعلی حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ 27 ستمبر کا لانگ مارچ موجودہ غیر آئینی، غیر جمہوری اور آمرانہ طرز حکمرانی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، عمران خان کی رہائی، عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔27 ستمبر کا لانگ مارچ پنجاب سمیت پورے ملک میں پرامن سیاسی جدوجہد کا نیا باب رقم کرے گا۔
