اقوام متحدہ نے مریم نواز کو ‘اپنی چھت اپنا گھر’ کامیاب منصوبے پر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ اقوام متحدہ نے مریم نواز کو ‘اپنی چھت اپنا گھر’ جیسے کامیاب منصوبے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایوارڈ کیلئے نامزد کرنا اعزاز کی بات ہے، ‘اپنی چھت اپنا گھر’ منصوبہ دنیا کے 5 بڑے منصوبوں میں شامل ہے اور یہ منصوبہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی اور حکومت کو اتنا بڑا ایوارڈ نہیں ملا، 5 سال تک 5 لاکھ افراد کو ‘اپنی چھت’ فراہم کرنا مریم نواز کا ٹارگٹ ہے، ستھرا پنجاب کے بعد ‘اپنی چھت اپنا گھر’ منصوبہ عالمی سطح پرگڈ گورننس کا اعتراف ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے کامیاب پروجیکٹس کی وجہ سے پنجاب اور پاکستان کی شان بڑھا رہی ہیں، مریم نواز کی 2 سال کی کارکردگی ان کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
