امریکی ڈرون کمپنی کے پاک فوج کے ساتھ ایم او یو پر دستخط، ابتدائی ڈرون آرڈر حاصل کرلیا


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)امریکی ڈرون ساز کمپنی ’پاوراس‘ (Powerus) نے پاک فوج کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے تحت کمپنی کو پاک فوج کی جانب سے ڈرون سے متعلق ایک ابتدائی آرڈر بھی حاصل ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی کے شریک بانی برٹ ویلیکووچ نے معاہدے اور ابتدائی آرڈر کی تصدیق کی ہے، تاہم سکیورٹی نزاکتوں اور راز داری کی شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے معاہدے کی مالیت اور مزید تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی، انہوں نے واضح کیا کہ یہ شراکت داری بغیر پائلٹ فضائی نظام کے زمرے میں آتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا کہ پاوراس کے ایک وفد نے برٹ ویلیکووچ کی قیادت میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دفاعی سامان کی خریداری، پیداوار اور طویل مدتی صلاحیتوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاوراس کمپنی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ فوجی اور صنعتی استعمال کے لیے بحری و فضائی ڈرونز تیار کرتی ہے اور وہ جلد ہی ایک ایسی پبلک ٹریڈڈ کمپنی ’آریئس گرین وے ہولڈنگز‘ کے ساتھ ضم ہونے جا رہی ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو بیٹوں، ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ کی سرمایہ کاری موجود ہے، امریکی ریگولیٹری فائلنگز کے مطابق انضمام کے بعد ٹرمپ کے بچوں کے سرمایہ کاری فنڈ ’امریکن وینچرز‘ کے پاس کمپنی کے 9.9 فیصد شیئرز ہوں گے۔
کمپنی کے شریک بانی ویلیکووچ کا کہنا تھا کہ پاوراس کا مقصد امریکہ اور پاکستان کی بہترین تکنیکی صلاحیتوں کو ملا کر ایک مشترکہ ٹیکنالوجی پارٹنرشپ قائم کرنا ہے، اور کمپنی پاکستان میں ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر تیاری کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ پاوراس کے بانی اور چیف ایگزیکٹو اینڈریو فاکس نے ان خدشات اور تاثر کو رد کردیا کہ کمپنی کی اس پیشرفت کا تعلق صدر ٹرمپ کے بیٹوں کی شمولیت سے ہے، معاہدے محض میرٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا بزنس یا معاہدوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ترجمان نے بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا پاورز کی انتظامیہ یا آپریشنز سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اس معاہدے کے بارے میں پہلے سے کوئی علم تھا، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری اینا کیلی نے بھی اس حوالے سے کسی بھی قسم کے مفادات کے ٹکراؤ کی تردید کی ہے۔ یہ اہم پیشرفت واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان بہتر ہوتے سفارتی اور دفاعی تعلقات کے سلسلے میں سامنے آئی ہے، صدر ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عوامی سطح پر تعریف کے بعد پاکستان نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی، مالیاتی اور دفاعی روابط مضبوط کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert