فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر مشاورت

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل اور ایرانی وزیر خارجہ نے اہم علاقائی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
ایرانی سرکاری خبر ایجنسی نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹیلیفونک رابطہ اُس وقت کیا گیا جب ایرانی وزیر خارجہ اپنے سرکاری دورے پر چین میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری تازہ ترین پیش رفت کے تناظر میں ایک دوسرے سے خیالات کا اظہار کیا اور باہمی تعاون پر زور دیا۔ گفتگو کے دوران پاک ایران سرحدی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب عسکری و سفارتی حلقے اس رابطے کو خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی کے حوالے سے ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
