رونالڈو کے النصر چھوڑنے کی قیاس آرائیاں، جنوری میں کلب سے علیحدگی کا امکان

پرتگال(قدرت روزنامہ)کرسٹیانو رونالڈو کا النصر میں مستقبل ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گیا، سعودی کلب کو اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے ابتدائی میچ میں العین کے ہاتھوں 4-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد النصر ویسٹرن ریجن کی لیگ ٹیبل میں پہلے راؤنڈ کے بعد آخری نمبر پر ہے۔
15 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں رونالڈو نے گول پر 5 کوششیں کیں، تاہم صرف ایک شاٹ نشانے پر لگا جسے العین کے گول کیپر خالد عیسیٰ نے روک لیا۔ العین کی جانب سے حسین رحیمی نے دو گول کیے جبکہ سوفیانے رحیمی اور جارجیوس گیکوماکیس نے ایک ایک گول کرکے ٹیم کو 4-0 سے کامیابی دلائی۔
اس شکست کو رونالڈو کے کیریئر کی سب سے بھاری شکست قرار دیا گیا ہے۔ النصر گزشتہ چار میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کرسکا ہے جس کے باعث ٹیم کی موجودہ فارم پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی صورتحال کے دوران سابق النصر ترجمان اور سعودی اسپورٹس صحافی سعود السرامی نے دعویٰ کیا ہے کہ رونالڈو جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میں کلب چھوڑ سکتے ہیں۔
العربیہ ایف ایم سے گفتگو میں السرامی نے رونالڈو کو النصر کے لیے ایک تھکا ہوا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ سردیوں کی ٹرانسفر ونڈو میں کلب کے تکنیکی مسائل حل کرنے میں رونالڈو کا کردار نہیں ہوگا۔
السرامی نے رونالڈو کی ممکنہ روانگی کا موازنہ کریم بینزیما کے کلب چھوڑنے سے بھی کیا، تاہم ان کے مطابق حتمی فیصلہ رونالڈو خود کریں گے۔
رونالڈو نے گزشتہ ماہ ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھی اشارہ کیا تھا کہ 2026-27 سیزن ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کا اختتام ایک شاندار ورثے کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔
