بلوچستان کے مسائل محض اعلانات سے نہیں، عملی اقدامات سے حل ہوں گے، امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہیں: زمرک خان اچکزئی

نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار فراہم کرنا وقت کی ضرورت، دور دراز علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں


مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ایوانوں میں عوام کے حقوق کی مؤثر آواز اٹھاتے رہیں گے: مرکزی رہنما اے این پی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل محض اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے، صوبے میں امن و امان، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے‘ عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں‘یہ بات انہوں نے سنیئر صحافی ظاہر خان ناصر کے بھائی عبداللہ خان ناصر کی وفات پر فاتحہ خوانی و اظہار تعزیت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، نوجوانوں میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ مہنگائی نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی، کیونکہ امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی بنیادی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔اے این پی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں، انہیں معیاری تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے سیاسی جماعتوں اور تمام منتخب نمائندوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، عوام کی آواز کو ایوانوں میں مؤثر انداز میں اٹھاتے رہیں گے اور بلوچستان کے حقوق، امن اور خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert