اگر آپ کے پاس بہت سے راز ہیں تو میر رضا کے اہلخانہ کے سوالات کے جواب دیں، کمیشن کی مقتول کے پارٹنر کو ہدایت


کراچی (قدرت روزنامہ)میر رضا کیس کی جوڈیشل انکوائری کرنے والے کمیشن نے نوجوان تاجر کے بزنس پارٹنر احمد کو مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ کے پاس بہت سے راز ہیں تو میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات کریں اور ان کے سوالات کے جواب دیں۔
جسٹس عمر سیال نے کیس کے سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ مارٹم سے لے کر شواہد جمع کرنے تک آپ کا کوئی کردار نظر نہیں آیا، آپ تھانے میں بیٹھے رہے اور دوسروں کی تیار کردہ دستاویزات پر دستخط کرتے رہے، آپ افسران کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کمیشن نے کہا کہ پولیس نے کیس کو بہت خراب کیا ہے، دنیا بھر میں ایسے کیسز ہوتے ہیں جو حل نہیں ہوتے لیکن ورثا پولیس کی شکایت نہیں کرتے۔
جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد کو مشورہ دیا کہ اگر آپ کے پاس بہت سے راز ہیں تو میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات کریں اور حلف نامے کے ساتھ تحریری صورت میں ان کے سوالوں کے جواب دیں۔
میڈیا سے گفتگو میں میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ 33 میں سے 23 گواہوں کے بیان تفتیشی افسر کے بجائے دیگر پولیس افسران نے لیے، کمیشن کے روبرو کیس کے تفتیشی افسر نے یہ بات تسلیم کی، نئی تحقیقاتی ٹیم کا مقصد صرف پیٹی بند بھائیوں کو بچانا ہے۔

WhatsApp
Get Alert