مریم بی بی نے فخر سے کہا کہ میں نے پونے 3 کروڑ لندن جہاز لے جانے پر خرچ کئے

لاہور (قدرت روزنامہ) سیاسی رہنماء سابق وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ مریم بی بی! اللہ کا خوف نہیں آتا اس طرح شاہ خرچیاں کرکے، پھر فخر سے ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے؟ ایکس پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مریم بی بی نے فخر سے کہا کہ میں نے پونے 3 کروڑ لندن جہاز لے جانے پر خرچ کئے۔ بی بی آپ کے صوبہ میں حکومتی رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ مزید لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اللہ کا خوف نہیں آتا اس طرح شاہ خرچیاں کر کے پھر فخر سے اس پر ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے جب آپ کے صوبہ کے عوام اتنی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں؟ اسی طرح سینئر صحافی حامد میر نے جیو نیوز میں اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑا تلخ لہجہ تھا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بڑی تکلیف ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر الزامات بھی لگائے ہیں۔
لیکن ان کی خدمت میں عرض ہے کہ آپ کے مئوقف میں کافی تضاد پایا جاتا ہے، لہذا وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں، کچھ دن پہلے انہوں نے لندن میں فرمایاتھا کہ وہ چھٹی پر ہیں آج اپنے سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال کو جائز ثابت کرنے کے لیے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کبھی چھٹی پر نہیں ہوتا۔ ان کی ساتھی وزراء کے بیانات بھی آپس نہیں ملتے ایک وزیر صاحبہ نے کہا تھا کہ یہ جہاز ائر پنجاب کے لئے خریدا گیا ، ہم نے ایک فلیٹ بنانی ہے، ایئرپنجاب کیلئے ہمیں جہاز خریدنا پڑیں گے یا پھر لیز پر لینا پڑیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی مریم نوازشریف نے جلسہ عام میں جہاز کے کرائے کی ادائیگی کی رسید دکھا دی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان میں الیکٹروبس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی گریجوایشن کی تقریب میں جانے کیلئے جہاز کے استعمال پر پونے تین کروڑ روپے ادا کئے ہیں – جہاز کے ایندھن، پارکنگ اور دیگر واجبات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں -وی لاگر اور یوٹیوبر کو جوابدہ نہیں ہوں،اللہ تعالی اور اس کے بعدعوام کو جوابد ہ ہوں -انہوںنے کہا کہ میرے خلاف بولتے رہیں، مریم نوازپر تنقید پر روٹی روزی لگی ہے تو لگی رہے ۔
ڈالر کما رہے ہو تو مجھے کیا فرق پڑتا ہے،میں نے کرایہ ادا کر کے رسید سب کو دکھا دی -سدا وزیراعلی نہیں رہنا،وزیراعلی بننے سے پہلے کمرشل فلائٹس پر سفر کیاکرتی تھیں -جہاز خریدنے سے پہلے کرائے پر جہاز لے کر سفر کیا کرتی تھیں۔ وزٹ کے لئے جانا پڑے تو کس جہاز پر جاؤں گی، کیا سیلاب کے دوران عوام کے درمیان موجود نہیں تھیں -جہاز مریم نوازکا نہیں بلکہ وزیراعلی پنجاب کا ہے -چاروں صوبائی وزرائے اعلی کے پاس جہاز موجود ہیں، صرف مریم نواز پرہی تنقید کیوں -تنقید ہورہی ہے،جہاز پر سفر نہ کروں، تو چنگ چی، موٹر سائیکل یا میٹروبس پر سفر کروں -دن رات کام کرتی ہوں اور کام کرتے کرتے ہی سو جاتی ہوں، ملتان کے بعد سرگودھا، پنڈی، بھکر کیسے جاؤں گی- سی ایم کا وقت بہت قیمتی ہوتاہے،بہت سے حکمران ذاتی وزٹ کیلئے سرکاری جہاز لے کر جاتے ہیں -عوام کی خدمت او رترقی کے لئے صوبے میں دور دراز جانا پڑتا ہے -اپنے عوام کیلئے چائنہ، ترکی، جاپا ن جانے کے بھی ضرورت پڑتی۔
