اگر آپ نے مریم نواز کی مقبولیت دیکھنی ہے تو عام آدمی سے پوچھیں، شمائلہ رانا

میڈم آپ آئیں، کسی بھی بازار چلتے ہیں، عام آدمی سے سوال کرتے ہیں، یقین کریں مقبولیت وغیرہ بہت اچھے سے پتہ چل جائے گی؛ صحافی احمد وڑائچ کا ن لیگی رہنماء کو چیلنج


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت سے متعلق جاری بحث کے دوران نوجوان صحافی احمد وڑائچ نے ن لیگی رکن اسمبلی شمائلہ رانا کو نیا چینلج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنماء شمائلہ رانا نے مؤقف اپنایا کہ جہاز کے استعمال یا دیگر امور پر مریم نواز پر ہونے والی تنقید اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ وہ متحرک ہیں اور کام کر رہی ہیں کیونکہ جو کام کرتا ہے اسی پر تنقید بھی سب سے زیادہ ہوتی ہے، اگر مریم نواز کی حقیقی مقبولیت اور عوامی پذیرائی کا اندازہ لگانا ہے تو سوشل میڈیا یا ڈرائنگ رومز کی بحث کے بجائے میدان میں نکل کر عام آدمی سے پوچھا جائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ کے فلاحی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی کارکردگی کا اندازہ لگانا ہے تو دھی رانی اسکیم کی مستفید خواتین، ستھرا پنجاب سے فائدے اٹھانے والے شہریوں، کسان کارڈ اور بلا سود قرضے حاصل کرنے والے کاشتکاروں اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر پانے والے غریبوں سے جا کر پوچھیں کہ مریم نواز کی کارکردگی کیا ہے، اگر وہ مریم نواز کے عوامی منصوبے گنوانا شروع کردوں تو ٹاک شو کا وقت کم پڑ جائے گا۔

ن لیگی رکن اسمبلی کے اس بیان پر ان کو چیلنج دیتے صحافی احمد وڑائچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ شمائلہ رانا میڈم آپ آئیں، ہم کسی بھی عام بازار میں چلتے ہیں اور وہاں چلتے پھرتے عام آدمی سے سوال کرتے ہیں، یقین کریں کہ مریم نواز کی اصل مقبولیت اور عوامی رائے کا سچ بہت اچھے سے سامنے آ جائے گا اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert