جمائما خان نے عمران خان کا بہت ساتھ دیا، وہ ایک عزت دار خاتون کی بہترین مثال ہیں، اقرارالحسن

انہوں نے اپنے بیٹوں کی اچھی پرورش کی، وہ بچے بگڑے ہوئے نوازبزادوں کی طرح نہیں ہیں، زندگی کے نئے سفر پر اُن کو مبارکباد دیتا ہوں، سربراہ عوام راج تحریک


لاہور(قدرت روزنامہ)سربراہ عوام راج تحریک اقرارالحسن کا کہنا ہے کہ جمائما خان نے عمران خان کا بہت ساتھ دیا، وہ ایک عزت دار خاتون کی بہترین مثال ہیں، انہوں نے اپنے بیٹوں کی اچھی پرورش کی۔ انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمائما خان کا حق ہے کہ وہ اپنی زندگی کے فیصلے کرے اور آگے بڑھے، میں ان کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کا سفر خوشیوں کے ساتھ گزرے، مجھے اچھا لگا کہ ان کے جوان بیٹے اور بیٹی شادی کی تقریب میں ان کے ساتھ موجود تھے۔
جمائما خان نے عمران خان کا بہت ساتھ دیا، پاکستان میں آئیں یہاں پر رہتی بھی رہیں، میں خوش گمان ہوں کہ بیٹوں کی اچھی پرورش کی۔وہ بچے بگڑے ہوئے نوازبزادوں کی طرح نہیں ہیں۔
اچھی گفتگو کرتے ہیں، آپ ان کی بات سے اختلاف کرسکتے ہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک عزت دار خاتون کی بہترین مثال ہیں۔

اگر انہوں نے کسی کو شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا ہے تو میری دعائیں اور تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے ایک شاندار خاتون ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ زندگی کے نئے سفر پر اُن کے لیے دعائیں اور نیک تمنائیں۔
یاد رہے معروف ایوارڈ یافتہ اسکرپٹ رائٹر اور پروڈیوسر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے آسٹریلوی آئرش فنانسر کیمرون اورائلی کے ساتھ اپنی شادی کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ تفصیلات کے مطابق دستاویزی فلموں کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والی پروفیشنل ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان گزشتہ ایک سال سے گہرے تعلقات قائم تھے جو بالآخر شادی کے بندھن میں بدل گئے، جمائمہ اور کیمرون کی شادی کی خبر سب سے پہلے ان کی بھابھی جمائمہ جونز یعنی ان کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جنہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ تقریب کی ایک خوبصورت تصویر پوسٹ کرتے ہوئے جمائمہ اور کیمرون کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر مبارکباد دی تھی اور اس دن کو ایک یادگار اور خوشگوار دن قرار دیا تھا۔

اب خود جمائمہ گولڈ اسمتھ کی جانب سے تصویری کیپشنز اور کیروسل شیئر کرنے کے بعد دنیا بھر سے مداح اور شوبز شخصیات انہیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں، برطانیہ اور بین الاقوامی میڈیا میں جمائمہ اور کیمرون اورائلی کی اس نئی شروعات کو بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔
خیال رہے کہ یہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کی زندگی کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے پہلی شادی کی تھی جو 1995ء سے 2004ء تک یعنی 9 سال قائم رہنے کے بعد طلاق پر ختم ہوئی تھی، عمران خان اور جمائمہ گولڈ اسمتھ کے دو بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان ہیں۔

WhatsApp
Get Alert