بڑھکیں مارنے سے کچھ نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، محسن نقوی

آپ کوئی بھی چیز اِس طرح کے ڈراموں سے حاصل نہیں کرسکتے، اسلام آباد پر جو بھی دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، ایسی بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو؛ پریس کانفرنس


لاہور(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اس بار اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کراتے ہوئے احتجاجی سیاست کا ونس فار آل یعنی ہمیشہ کیلئے سدِباب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی کی صورتحال پورا پاکستان دیکھ رہا ہے لیکن وہاں کی حکومت کی بے حسی سب کے سامنے آ چکی ہے، ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے جنازوں میں خیبرپختونخواہ کا نہ تو وزیراعلیٰ اور نہ ہی کوئی صوبائی وزیر یا رکنِ اسمبلی شریک ہوا، سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہیں جانا چاہیے کہ آپ ملک کے شہداء کے جنازوں سے بھی دور ہو جائیں، یہ شہید کسی ایک کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے شہید ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن ایسے اوچھے ہتھکنڈوں اور ڈراموں سے کوئی بھی ناجائز مطالبات پورے نہیں کرائے جا سکتے، اس طرح کے مارچ اور دھرنوں سے ملک، معیشت اور خود ان کا اپنا نقصان ہوگا، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ اب بھی وقت ہے کسی ایسی بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ملے۔
محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی اپنی مرکزی قیادت میں اکثریت اس لانگ مارچ کے حق میں نہیں ہے اور خود مارچ کی باتیں کرنے والوں کو اپنے مطالبات کا علم نہیں ہے، اب بڑھکیں مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، عمران خان کا ہسپتال میں طبی معائنہ کروانے کا مطالبہ پہلے ہی پورا کیا جا چکا ہے اور رات کو ان کا چیک اپ ہسپتال میں کروا دیا گیا تھا، حکومت کسی کے دباؤ میں نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق معاملات چلائے گی اور اس بار وفاقی دارالحکومت کو بالکل بھی بند نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ ملک بار بار اس قسم کے دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

WhatsApp
Get Alert